شوہر کی اطاعت کے حدود

شوہر کی اطاعت کہاں تک ضروری ہے؟ پردہ کرنے سے اگر شوہر منع کرے تو کیا اس کی اطاعت ضروری ہوگی؟
جواب

صحیح حدیث میں اللہ کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے: لَا طَاعَۃَ لِمَخْلُوْقٍ فِی مَعْصِیَۃِ الخَالِقِ (الجامع الصغیر للسیوطی) ’’ خالق کی معصیت میں کسی مخلوق کی اطاعت نہیں کی جائے گی ‘‘۔ ازدواجی زندگی میں بھی شریعت کے اس اصول پر عمل کیا جائے گا، البتہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ شوہر اگر بیوی کو پردہ کرنے سے روکتا ہے تو عور ت کو چاہیے کہ وہ حکمت کے ساتھ گفتگو کرے۔ شوہر سے اپنا یہ حق تسلیم کر وا لے کہ وہ با پردہ رہنا چاہتی ہے تو اسے اس کی اجازت دی جانی چاہیے۔ شوہر کی بات نہ ماننے کے نتیجے میں اگر ازدواجی زندگی میں بگاڑ پیدا ہو جانے کا اندیشہ ہو تو بیوی کو تحمل سے گفتگو کرنی چاہیے۔ حق بات کہنی ضروری ہے، لیکن وہ حکیمانہ طرز پر کہی جائے۔ ایک دو مرتبہ شوہر کی غلط بات کی تردید نہ کریں تو تیسری مرتبہ حکمت کے ساتھ اس سے صحیح بات منوائی جا سکتی ہے۔