میراث کے چند مسائل

ہمارے والد صاحب کو انتقال ہوئے کئی سال ہوگئے ہیں ۔ ہم نے ان کے انتقال کے بعد میراث تقسیم کردی تھی۔ ایک درخت بچا تھا جو ہمارے درمیان مشترکہ تھا اور سب لوگ اس کا پھل کھاتے تھے۔ گزشتہ دنوں وہ سوکھ گیا۔ ہم نے اسے فروخت کردیا، جس سے ہمیں آٹھ ہزار روپے ملے۔ ہماری والدہ زندہ ہیں ۔ ہم تین بھائی اورایک بہن ہیں ۔ اس رقم کو کیسے تقسیم کریں ؟ براہِ کرم رہ نمائی فرمائیں ۔
جواب

کسی شخص کا انتقال ہوااور وہ صاحبِ اولاد ہواور اس کی بیوی بھی زندہ ہو تو اس کی وراثت اس طرح تقسیم ہوگی:
(۱) بیوی کو آٹھواں حصہ ملے گا(النساء۱۲:)
(۲) بقیہ مالِ وراثت لڑکوں اورلڑکیوں  کے درمیان اس طرح تقسیم ہوگا کہ ہر لڑکے کو لڑکی کے مقابلے میں  دوگناملے گا۔(النساء۱۱:)
صورت ِ مسئلہ میں آٹھ ہزار کا آٹھواں حصہ ایک ہزارروپے ہوئے۔یہ اپنی والدہ کو دے دیجیے۔بقیہ سات ہزار روپے میں دو دو ہزار روپے تینوں بھائیوں میں تقسیم کرلیجیے اور ایک ہزار روپے اپنی بہن کو دے دیجیے۔