جواب
دین کی جزئیات ہمیں جس طرح اللہ کے رسول اللہ علیہ وسلم سے ملی ہیں ، اسی طرح ان پر عمل مطلوب ومقصود ہے۔ ان میں کسی طرح کی کمی بیشی ہمارے لیے روا نہیں ہے۔ مثلاً کوئی شخص فجر کی فرض نماز دورکعت کے بجائے چاررکعت پڑھنے لگے، یا فرض روزوں میں دو چاردنوں کا اضافہ کرلے تو اس کا یہ عمل دین میں بدعت قرارپائے گا اورقابل رد ہوگا ۔ البتہ جواضافے عہد نبویؐ میں صحابۂ کرامؓنے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں کیے اورآپؐ نے ان کی تائید وتصویب فرمائی وہ سنت قرار پائے اور دین کا جز بن گئے ۔ مثلاً ایک موقع پر حضرت بلال ؓ نے فجر کی اذان میں الصَّلَاۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْمِ کا اضافہ کردیا توآپؐ نے اسے پسند فرمایا۔ چنانچہ اس کے بعد یہ اضافہ بھی اذان میں شامل ہوگیا۔ (سنن ابن ماجہ۷۱۶:)
چوں کہ اذان کا خاتمہ لا الہ الا اللہ پر ہوتا ہے ، اس پر ’محمد رسول اللہ ‘ کا اضافہ نہ آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خود کیا اورنہ کسی صحابہ نے کیا، جس کی آپؐ نے تصویب کی ہو، اس لیے اب کسی شخص کے لیے جائز نہیں کہ دین کے نام پر خود ساختہ اضافہ کرتا پھرے۔