بعض نمازوں کا مخصوص طریقہ

شب معراج اور شب برأت میں مخصوص طریقے سے نماز ادا کی جاتی ہے۔ قل ھو اللّٰہ احد یا دوسری سورتیں ہر رکعت میں مخصوص تعداد میں پڑھی جاتی ہیں ۔ اس کا کیا حکم ہے؟
جواب

شب ِ معراج اور شب ِ برأت کی فضیلت سے متعلق جتنی روایات ہیں ، تقریباً سب پر محدثین نے کلام کیا ہے۔ ان فضیلتوں کی وجہ سے ہی ان راتوں میں عبادت کا خصوصی اہتمام کیا جاتاہے۔ جہاں تک مخصوص طریقے سے نماز ادا کرنے کا معاملہ ہے۔ یعنی قل ھو اللّٰہ احد یا کوئی دوسری سورت ہر رکعت میں متعین تعداد میں پڑھی جائے، تو یہ بھی سنت سے ثابت نہیں ہے۔ بہتر ہے کہ نوافل کی ادائی اسی طریقے پر کی جائے، جس طرح اللہ کے رسول ﷺ کا معمول تھا۔ آپؐ کا ارشاد ہے:
صَلُّوْا کَمَا رَأَیْتُمُوْنِیْ اُصَلِّیْ۔
(صحیح بخاری، کتاب الاذان، باب الاذان للمسافر، حدیث:۶۳۱)
’’نماز اسی طرح پڑھو، جس طرح مجھے پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو۔‘‘