بینک لون سے بنوائے گئے مکان کی افتتاحی پارٹی

ہمارے ایک رشتے دار نے بینک سے لون لے کر اپنا مکان بنوایا ہے۔ اب مکان بن کر تیار ہوا تو وہ اس کی افتتاحی پارٹی کر رہے ہیں ۔ مجھے اس میں شرکت میں تردد ہے، اس لیے کہ انٹرسٹ کی بنیاد پر بینک سے لون لینے کو میں جائز نہیں سمجھتا ہوں ، دوسری طرف اس کا بھی اندیشہ ہے کہ اگر میں اس پارٹی میں شرکت نہیں کروں گا تو وہ ناراض ہوجائیں گے۔ بہ راہ کرم مشورہ دیں ۔ میں کیا کروں ؟
جواب

بینک انٹرسٹ کو علماء نے حرام قرار دیا ہے، اس بنا پر مکان کی تعمیر کے لیے لون لینا عام حالات میں جائز نہیں ہے، لیکن اگر کسی کومکان کی سخت ضرورت ہے اور کسی دوسرے ذریعے سے وہ رقم کا انتظام نہیں کرسکتا تو اضطراری صورت میں بینک سے لون لے کر مکان تعمیر کرنا اس کے لیے جائز ہوگا۔ اب یہ فیصلہ کرنا متعلق فرد کا کام ہے کہ وہ بینک سے لون عام حالات میں لے رہا ہے یا اضطراری صورت میں ۔
آپ کو پارٹی کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ اب اگر آپ کو متعین طور سے معلوم ہے کہ مکمل طور پر حرام کمائی سے پارٹی پر خرچ کیا جائے گا تب تو آپ اس میں شرکت نہ کریں ، بہ صورت دیگر اس میں شرکت کی جاسکتی ہے۔
کوئی کام جائز ہو، لیکن کسی وجہ سے آپ کو اسے کرنے میں جھجک ہو تو کسی نے آپ کو مجبور تو نہیں کیا ہے کہ اسے ضرور انجام دیں ۔ آپ کوئی خوبصورت عذر کرسکتے ہیں ۔