کیا خواتین گھروں میں اعتکاف کرسکتی ہیں؟ خواتین کے اعتکاف کا کیا طریقہ ہو؟ کیا دس دنوں سے کم کا اعتکاف ہوسکتا ہے؟
جواب
اعتکاف کی تین قسمیں ہیں
۱- واجب جیسے کوئی اعتکاف کی نذر مانے۔ جتنی مدّت کی نذر مانی جائے گی اتنا اعتکاف کرنا ہوگا۔
۲- نفلیہ تھوڑی دیر کے لیے ہوسکتا ہے۔
۳- مسنون یہ صرف رمضان المبارک میں ہوسکتا ہے اور وہ بھی صرف آخری عشرہ میں۔
اللہ کے رسول ﷺ نے ہمیشہ رمضان کے آخری دس دنوں میں اعتکاف کیا۔ آخری برس آپ نے بیس دن اعتکاف کیا۔آپ کے ساتھ امہات المومنین بھی اعتکاف کرتی تھیں۔
اعتکاف صرف مسجد میں ہوسکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے
وَاَنتُم عٰکِفُونَ فِی المَسَاجِدِ ۔ (البقرۃ۱۸۷)
’’جب کہ تم مسجدوں میں معتکف ہو۔‘‘
اللہ کے رسول ﷺ نے ہمیشہ مسجدِ نبوی میں اعتکاف کیا۔ آپ کے ساتھ ازواج مطہرات بھی معتکف رہیں۔ آپ کے انتقال کے بعد بھی ازواج مطہرات نے مسجد نبوی ہی میں اعتکاف کیا۔انھوں نے گھروں میں کبھی اعتکاف نہیں کیا۔
فقہ حنفی میں چوں کہ عام نمازوں میں بھی خواتین کے مساجد میں جانے کی ہمّت شکنی کی گئی ہے اور گھروں میں ان کے نماز پڑھنے کو بہتر قرار دیا گیا ہے، اس لیے فقہائے احناف انہیں گھروں میں اعتکاف کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔اس صورت میں عورت اپنے گھر کا کوئی حصہ خاص کرلے، اس میں بیٹھ کر اعتکاف کرے اور بلا ضرورت وہاں سے باہر نہ نکلے۔