دوبارہ نکاح کے لیے حلالہ

طلاق کے بعد دوبارہ نکاح کرنے کے لیے کیا حلالہ ضروری ہے؟
جواب

اگر کسی نے تین مرتبہ طلاق دی تو عورت اس پر حرام ہوجائے گی۔ بعد میں اس عورت کا نکاح کسی دوسرے مرد سے ہوجائے، پھر وہ بھی اسے طلاق دے دے ،یا اس کا انتقال ہوجائے تو شریعت نے اجازت دی ہے کہ اس عورت کا ازسر نو نکاح پہلے شوہر سے دونوں کی آزاد مرضی سے ہوسکتاہے۔ یہ ایک فطری صورت ہے۔ قرآن مجید میں اسی کا ذکر ہے۔ (البقرۃ۲۳۰)لیکن کوئی شخص غصّے میں آکر تین طلاق دے دے، پھر جب اسے شریعت کا حکم معلوم ہو کہ وہ اس کے لیے حرام ہو گئی ہے تو کسی دوسرے مرد کو تیار کرے کہ وہ اس عورت سے نکاح کرکے اسے طلاق دے دے، تاکہ اس (سابق شوہر) کے لیے اس عورت سے نکاح جائز ہوجائے۔جو شخص یہ کام کرتاہے،یا کرواتاہے، یااس کا واسطہ بنتاہے، سب پر اللہ کے رسول ﷺ نے لعنت بھیجی ہے۔(ابودائود۲۰۷۶،ترمذی۱۱۱۹)یہ سراسر حرام اور بدکاری ہے۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو اس سے محفوظ رکھے۔