رقم نہ ہو تو زکوٰۃ کیسے ادا کریں ؟

کسی شخص پرزکوٰۃ واجب ہے، لیکن اس کے پاس رقم نہیں ہے، وہ زکوٰۃکیسے ادا کرے؟
جواب

ایک ہے زکوٰۃ کا واجب ہونا اور دوسرا ہے اس کا ادا کرنا۔ زکوٰۃ واجب ہونے سے پہلے بھی ادا کی جا سکتی ہے۔ ہمارے اوپر زکوٰۃ ایک سال کے بعدفرض ہوگی ، لیکن ہمارے پاس غریب آتے رہتے ہیں ، ہم ان کو کچھ رقم زکوٰۃ کی نیت سے دیتے رہیں ، سال بھر کے بعد اس کا حساب کر لیں ۔ جتنی زکوٰۃ واجب ہوئی ہے، اس میں سے اس رقم کو کم کر دیں ، یہ جائز ہے۔ اسی طرح زکوٰۃ واجب ہونے کے بعد کچھ تاخیر سے اس کی ادائیگی کی جا سکتی ہے۔ مثلاً ہمارے اوپر دو ہزار (۲۰۰۰) روپے واجب ہوئے،ہم نے اس رقم کو اپنے پاس الگ رکھ لیا اور سوچا کہ آئندہ جو بھی غریب آتے رہیں گے، ان کو اس میں سے تھوڑا تھوڑا ادا کرتے رہیں گے ،ایسا کر نا بھی جائز ہے۔ اگر ہمارے اوپر زکوٰۃ فرض ہو گئی ہے،لیکن ہمارے پاس رقم نہیں ہے،تو ظاہر ہے کہ ہم انتظار کریں گے اور بعد میں جب رقم کا انتظام ہو جائے گا تو اس میں سے زکوٰۃ ادا کر یں گے۔