جواب
شادی کے بعد بیوی کی کفالت اور اس کا نان و نفقہ شوہر کی ذمے داری ہے۔ اگر کسی وجہ سے شوہر بیوی کو اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتا تو کہاں رکھے اس کا نظم کرنا اور اس کے مصارف برداشت کرنا شوہر کی ذمے داری ہے۔ اب بیوی چاہے اپنے میکے میں رہے یا سسرال میں ، اس کے جملہ مصارف شوہر کے ذمے ہوں گے۔
نان و نفقہ کی کوئی مقدار متعین نہیں کی گئی ہے۔ قرآن حکیم کی رو سے شوہر کی مالی اور معاشی حیثیت کے مطابق وہ کم یا زیادہ ہوسکتی ہے۔ (الطلاق: ۷)
شادی کے بعد شوہر کے والدین یا اس کی غیر شادی شدہ بہن کی خبر گیری بیوی کی ذمے داری نہیں ہے ، لیکن اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ شوہر کی خوش نودی اور محبت حاصل کرنے کے لیے وہ اس کے متعلقین اور گھر والوں کا خیال رکھے۔
ہونا یہ چاہیے کہ بیوی اس معاملے میں شوہر کی مرضی کے مطابق کام کرے۔ وہ اس کے گھر والوں کے ساتھ رہے اور شوہر کی اجازت سے کچھ دن اپنے میکے بھی چلی جایا کرے۔ اس پورے عرصے میں وہ شوہر سے نان و نفقہ پانے کی حق دار ہوگی۔