منی ٹرانسفرکرنے کی اجرت

 دو سوالات کے جوابات مطلوب ہیں

(۱) میں رقم ٹرانسفر کا کام کرتا ہوں۔ میرے پاس لوگ اپنے اکاؤنٹ سے پیسے نکلوانے، جمع کروانے اور ٹرانسفر کروانے آتے ہیں۔ میں اس کام پر ان سے ایک ہزار روپے پر دس روپے وصول کرتا ہوں۔ کیا یہ صورت جائز ہے؟

(۲) میرے پاس کچھ لوگ ایسے آتے ہیں جو کہتے ہیں کہ ہمارا پیسہ فلاں جگہ سے آنے والا ہے۔ آپ ہمارے اکاؤنٹ میں پیسے ٹرانسفر کر دیجیے۔ ہمارا پیسہ آجائے گا تو ہم آپ کو واپس کردیں گے۔ میں کہتا ہوں کہ اگر آج ہی پیسہ لوٹا دیا تو ایک ہزار روپے پر دس روپے لوں گا۔ اگرایک دو روز کے بعد واپس کیا تو اس کا دوگنا لوں گا۔ یہ معاملات میں لین دین کرتے وقت طے کرلیتا ہوں۔ کیا یہ صورت جائز ہے؟

جواب

  (۱) رقم ٹرانسفر کرنے کی طے شدہ اجرت لینا درست ہے۔ اس کی نظیر منی آرڈر ہے۔ جس طرح کچھ رقم منی آرڈر کے ذریعے کہیں بھیجی جائے تو اس کی اجرت ادا کی جاتی ہے، اسی طرح رقم ٹرانسفر کرنے کی صورت میں بھی اجرت لی جا سکتی ہے۔

(۲) یہ صورت قرض کی ہوگئی۔ اس میں رقم ٹرانسفر کرنے کی اجرت مثلاً دس روپے فی ہزار لینا تو درست ہے، لیکن ایک دو روز کے بعد رقم واپس ملنے کی صورت میں دوگنی اجرت لینا سود کے حکم میں ہے، اس لیے درست نہیں ہے۔