جواب
نکاح کے موقع پر جن کاموں کی انجام دہی ضروری ہے ان میں سے ایک مہرادا کرنا بھی ہے۔مہرسے مرادوہ رقم ہے جو لڑکی کو نکاح کے وقت شوہر کی طرف سے ملتی ہے،یا وہ ادا کرنے کا وعدہ کرتا ہے ۔قرآن وحدیث میں اس کا حکم دیاگیا ہے۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے
وَاٰتُوا النِّسَاۗءَ صَدُقٰتِہِنَّ نِحْلَۃً۰ۭ (النساء۴)
’’اورعورتوں کو ان کے مہر خوش دلی سے دو۔‘‘
حدیث میں ہے کہ ایک نوجوان نے اللہ کے رسول ﷺ کے سامنے ایک عورت سے نکاح کی خواہش ظاہر کی تو آپؐ نے اسے مہر ادا کرنے کی تاکید کی اور فرمایا
اِلْتَمِسْ وَلَو خَاتَمًا مِن حَدِیْدٍ (بخاری۵۱۲۱،مسلم۱۴۲۵)
’’کچھ لے کر آئو ،چاہے لوہے کی انگوٹھی ہو۔‘‘
اللہ کے رسول ﷺ نے اپنے جتنے نکاح کیے، سب میں مہرادا کیا۔ آپؐ نے اپنی بیٹی حضرت فاطمہؓ کا نکاح اپنے چچازاد بھائی حضرت علی بن ابی طالبؓ سے کیا تو ان سے مہردلوایا۔
نکاح کے وقت مہر مقررنہ ہوتو لڑکی ’مہر مثل‘ کی مستحق قرارپاتی ہے، یعنی مہر کی وہ مقدار جو اس کے خاندان کی دیگر لڑکیوں کی طے ہوئی ہو۔
مہر کا نقدی کی شکل میں ہونا ضروری نہیں ہے۔ منقولہ یا غیر منقولہ کوئی چیز، مثلاً زمین، مکان، دوکان ،گاڑی، زیورات ، کوئی بھی چیز مہر میں دی جاسکتی ہے، البتہ یہ بتانا ضروری ہے کہ فلاں چیز مہر میں دی گئی ہے۔