نماز بیٹھ کر پڑھنا

بعض عورتیں فرض نماز بھی بیٹھ کر پڑھتی ہیں ۔ نماز بیٹھ کر پڑھنے میں کوئی حرج تو نہیں ۔ کھڑے ہوکر نماز پڑھنے سے کیا زیادہ ثواب ملتاہے؟
جواب

فرض نماز کھڑے ہوکر پڑھنی ضروری ہے۔ یہ حکم مرد اور عورت دونوں کے لیے ہے۔ اس لیے کہ قیام (کھڑا ہونا) نماز کے فرائض میں سے ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
وَ قُوْمُوْا لِلّٰہِ قَانِتِیْنَ (البقرہ:۲۳۸)
’’اللہ کے آگے اس طرح کھڑے ہو، جیسے فرماں بردار غلام کھڑے ہوتے ہیں ۔‘‘
طاقت کے باوجود اگر کوئی شخص (خواہ مرد ہویا عورت) فرض نماز بیٹھ کر پڑھے گا تو اس کی نماز نہیں ہوگی۔ ہاں بیماری، کم زوری یا کوئی عذر ہو تو بیٹھ کر نماز پڑھی جاسکتی ہے۔ حضرت عمران بن حصینؓ سے روایت ہے کہ مجھے بواسیر کا مرض تھا۔ میں نے نبی ﷺ سے نماز کے متعلق دریافت کیا تو آپؐ نے فرمایا:
صَلِّ قَائِمًا، فَاِنْ لَّمْ تَسْتَطِعْ فَقَاعِدًا، فَاِنْ لَّمْ تَسْتَطِعْ فَعَلَی جَنْبٍ۔ (صحیح بخاری، ابواب تقصیر الصلاۃ، باب اذا لم یطق قاعداً صلی علی جنب، حدیث: ۱۱۱۷)
’’کھڑے ہوکر نماز پڑھو، اگر کھڑے نہ ہوسکتے ہو تو بیٹھ کر پڑھو اور اگر بیٹھ نہ سکتے ہو تو لیٹ کر پہلو پر نماز پڑھو۔‘‘
البتہ فرض کے علاوہ دوسری نمازوں میں طاقت کے باوجود بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز ہے، البتہ اس کا ثواب کھڑے ہوکر نماز پڑھنے کی نسبت نصف ہے۔ حضرت عبد اللہ بن عمروؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
صَلاَ ۃُ الرَّجُلِ قَاعِداً نِصْفُ الصَّلاَۃِ۔ (صحیح بخاری، کتاب صلاۃ المسافرین، باب جواز النافلۃ قائماً و قاعداً، حدیث: ۷۳۵)
’’بیٹھ کر نماز پڑھنے کا ثواب آدھی نماز کے برابر ہے۔‘‘