وراثت کے بعض مسائل

,

(۵)

میرے چھوٹے بھائی کا انتقال ہوا ہے۔ ان کی وراثت تقسیم ہونی ہے۔ براہ کرم اس سلسلے میں رہ نمائی فرمائیے

۱- مرحوم کے بینک اکاؤنٹ میں کچھ پیسے ہیں۔ انھوں نے کسی مصلحت اور آسانی کے تحت جوائنٹ اکاؤنٹ کھلوایا تھا اور اس میں اپنی اہلیہ کا نام شامل کر دیا تھا۔ مرحوم کی بیوی ایک گھریلو عورت (House Wife) ہیں۔ کیا جوائنٹ اکاؤنٹ ہونے سے ان کی اہلیہ اکاؤنٹ کی نصف رقم کی مالک سمجھی جائیں گی، یا اکاؤنٹ میں موجود رقم میں تمام ورثہ کا حصّہ ہوگا؟

۲- مرحوم نے اپنی جائیدادوں کا بھی جوائنٹ رجسٹریشن کرایا تھا۔ ان میں اپنی اہلیہ کا نام شامل کروایا تھا۔ کیا ان جائیدادوں میں ان کی اہلیہ کا نصف حصہ ہوگا، یا وہ بھی تمام ورثہ میں تقسیم کی جائیں گی؟

۳-مرحوم کے پاس دو کاریں تھیں۔ انھیں فروخت کردیا گیا۔ ان سے جو رقم حاصل ہوئی، کیا وہ بھی تمام ورثہ میں تقسیم ہوگی؟

۴-مرحوم کی اہلیہ کے پاس جو زیورات ہیں، کیا وہ بھی تمام ورثہ میں تقسیم کیے جائیں گے، یا وہ صرف ان کی اہلیہ کی ملکیت قرار پائیں گے؟

۵- مرحوم ایک کمپنی میں کام کرتے تھے۔ ان کی وفات کے بعد کمپنی سے ان کی گریجویٹی اور انشورنس کے پیسے ملے۔ کیا ان پر صرف ان کی اہلیہ کا حق ہے، یا ان کی بھی تمام ورثہ میں تقسیم ہوگی؟

۶- مرحوم نے کچھ لوگوں کو قرض دے رکھا تھا۔ یہ قرض واپس ملے تو اس کی تقسیم کیسے ہوگی؟

۷-مرحوم کے اعزّا میں ان کی بیوہ کے علاوہ والدہ، ایک بیٹی، ایک بیٹا، تین بھائی اور دو بہنیں موجود ہیں۔ براہِ کرم وضاحت فرمائیں کہ ان کے درمیان مالِ وراثت کی تقسیم کیسے ہوگی؟

۸- مرحوم کی جائیداد میں ایک پانچ منزلہ عمارت ہے، جس میں کئی کرایے دار ہیں۔ اس عمارت کی ورثہ کے درمیان تقسیم سے پہلے جو کرایہ آرہا ہے، کیا وہ بھی تمام ورثہ میں تقسیم ہوگا، یا اس پر صرف ان کی اہلیہ کا حق ہے؟

۹- مرحوم کی والدہ صاحبِ حیثیت ہیں۔ انھیں اپنی گزر اوقات کے لیے بہ ظاہر کچھ مال کی ضرورت نہیں ہے۔ کیا اس کے باوجود ان کا حصہ دینا ضروری ہے؟

۱۰- مرحوم کی وراثت تقسیم ہونے سے قبل ان کی بیٹی کا نکاح ہوگیا ہے۔ کیا نکاح میں ہونے والے مصارف پہلے وضع کیے جائیں گے، بعد میں وراثت تقسیم ہوگی، یاتقسیم وراثت کے بعد بیٹی کے حصے میں آنے والی رقم سے نکاح کے مصارف وضع کیے جائیں گے؟

جواب

 آپ کے دریافت کردہ سوالات کے جوابات درج ذیل ہیں

۱- اگر کسی شخص کے بینک اکاؤنٹ میں موجود کُل رقم اسی کی ہو، تو چاہے اس نے جوائنٹ اکاؤنٹ میں بیوی کا نام بھی شامل کر رکھا ہو، لیکن کُل رقم شوہر کے انتقال بعد اس کے ورثہ میں تقسیم ہوگی۔ البتہ اگر جوائنٹ اکاؤنٹ میں شوہر اور بیوی کی مشترکہ رقم شامل ہو تو جتنی رقم شوہر کی ہو وہ اس کے ورثہ میں ان کے حصوں کے بہ قدر تقسیم ہوگی اور جتنی رقم بیوی کی ہو، وہ اس کی ذاتی ملکیت شمار ہوگی۔

۲- یہی حکم جائیداد کا بھی ہے۔ جو جائیداد شوہر کی رقم سے خریدی گئی ہو اس کی ملکیت شوہر کی ہوگی، چاہے اس کے رجسٹریشن میں مشترکہ طور پر بیوی کا بھی نام ہو۔ البتہ اگر اس کی خریداری میں کچھ رقم بیوی کی لگی ہو، یا شوہر نے اپنی زندگی میں اس کا کچھ حصہ بیوی کو ہبہ کر دیا ہو تو وہ اس کی مالک سمجھی جائے گی۔

۳-مرحوم کی ملکیت کی تمام چیزیں وراثت میں تقسیم ہوں گی۔ ان میں کاریں بھی شامل ہیں۔

۴- مرحوم کی اہلیہ کے پاس جو زیورات ہیں ان کی وہی مالک سمجھی جائیں گی۔ ان میں ورثہ کا کوئی حق نہ ہوگا۔

۵- کسی شخص کے انتقال کے بعدکمپنی کی طرف سے گریجوٹی کی جو رقم ملتی ہے وہ ورثہ کے درمیان تقسیم نہیں کی جائے گی، بلکہ وہ صرف بیوی کو دی جائے گی،یا اسے جس کو کمپنی کے ضوابط کے مطابق نام زد کیا گیا ہو، البتہ انشورنس میں ملنے والی رقم پر تمام ورثہ کا حق ہوگا۔

۶- مرحوم نے قرض کی جو رقم دوسرے لوگوں کو دے رکھی تھی وہ جب واپس ملے گی تو اسے بھی تمام ورثہ میں تقسیم کیا جائے گا۔

۷- مرحوم کے اعزّا میں اگر ماں، بیوہ، ایک لڑکا، ایک لڑکی، تین بھائی اور دو بہنیں ہوں تو ان کے درمیان مالِ وراثت کی تقسیم اس تناسب سے ہوگی

ماں 16.7%۔ بیوہ12.5% ۔بیٹا47.2% ۔بیٹی23.6%

بھائیوں اور بہنوں کو کچھ نہیں ملے گا۔

۸-جب تک مرحوم کی جائیداد تقسیم نہ ہو اور مذکورہ عمارت سے کرایہ آرہا ہو، اس کرایے میں بھی تمام ورثہ کا حصہ ہوگا۔

۹- تقسیم وراثت کی بنیاد ضرورت یا غربت نہیں، بلکہ قرابت ہے۔ اس لیے ماں مال دار ہو، تب بھی اس کا حصہ لگایا جائے گا۔ البتہ مستحقینِ وراثت کو اختیار ہوتا ہے کہ ان میں سے جو چاہے، اپنے حصے سے کم لے، یابالکل چھوڑ دے، یا کسی اور کو دے دے۔ اس لیے ماں چاہے تو اپنا یہ اختیار استعمال کرسکتی ہے۔

۱۰- باپ کے انتقال کے بعد بچوں کا ولی اور سرپرست چچا ہوتا ہے۔ شریعت نے اس کی ذمے داری قرار دی ہے کہ وہ ان کی کفالت کرے، جس میں نکاح کے مصارف اٹھانا بھی شامل ہے۔ لیکن اگر چچا نے ذمے داری نہیں اٹھائی ہے تو لڑکی کے حصے میں آنے والی رقم ہی میں سے مصارف وضع کیے جائیں گے۔