چچی سے نکاح

کیا چچی سے نکاح ہوسکتا ہے ؟ بہ راہ کرم یہ بھی بتائیں کہ کیا بیوہ اور مطلقہ کے حکم میں کچھ فرق ہے ؟
جواب

سورۂ نساء آیت ۲۳ میں حرام رشتوں کی تفصیل مذکور ہے ، جویہ ہیں :
(۱) ماں (۲) بیٹی(۳) بہن (۴) پھوپھی (۵) خالہ( ۶) بھتیجی (۷) بھانجی(۸) رضاعی ماں (۹) رضاعی بہن (۱۰) ساس (۱۱) ربیبہ یعنی بیوی کی لڑکی جودوسرے شوہر سے ہو (۱۲) بہو۔ اسی آیت میں بہ یک وقت دوبہنوں سے نکاح کوبھی حرام کیا گیا ہے اوراللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے خالہ اوربھانجی ، اسی طرح پھوپھی اوربھتیجی کوبھی ایک ساتھ نکاح میں رکھنے سے منع کیا ہے ۔
ان رشتوں میں چچا کی بیوی کا تذکرہ نہیں ہے ۔ اس لیے اگرچچی سے حرمت کا کوئی دوسرا رشتہ نہ ہوتو اس کے بیوہ یا مطلقہ ہوجانے پر عدت گزر نے کے بعد اس سے نکاح کیا جاسکتا ہے۔