کسی جگہ عارضی طور پر نماز پڑھنے سے وہ جگہ مسجد نہیں ہوجاتی

 محلے کے لوگوں نے تیرہ (۱۳) برس قبل ایک مکان خریدا تھا اور اسے مسجد کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ اس میں پنج وقتہ اور جمعہ کی نمازیں پابندی سے ہو رہی ہیں۔ آبادی بڑھ جانے کی وجہ سے اب مسجد میں جگہ ناکافی ہوتی ہے۔ اس لیے محلے کے لوگوں نے اس کی توسیع کا ارادہ کیا ہے۔ انجینئر صاحب کہتے ہیں کہ مسجد کے موجودہ ڈھانچے کو مکمل منہدم کرکے از سر نو مسجد تعمیر کرنی پڑے گی۔ مسجد کے بائیں جانب ایک مسلمان کا پلاٹ خالی ہے۔

سوال یہ ہے کہ جب تک مسجد کی تعمیر کا کام جاری رہے، کیا اس پلاٹ میں عارضی طور پر مسجد کو منتقل کر سکتے ہیں ؟ ایسا کم از کم ایک برس کے لیے ہوگا۔ کسی صاحب نے کہا ہے کہ جس جگہ تین جمعہ کی نمازیں پڑھ لی جائیں وہ مسجد کے حکم میں ہوجاتی ہے، پھر وہاں سے مسجد ہٹائی نہیں جا سکتی۔ کیا یہ بات درست ہے؟

جواب

کسی جگہ تین مرتبہ جمعہ کی نماز باجماعت پڑھ لی جائے تو وہ جگہ مسجد نہیں بن جاتی ہے۔ مسجد کی تعمیر وقف کی زمین پر ہوتی ہے۔ کسی مسجد کی عمارت خستہ حال ہوگئی ہو اور اسے منہدم کرکے از سر نو تعمیر کی ضرورت ہو تو کوئی حرج نہیں کہ اس سے قریب کسی مکان یا پلاٹ میں عارضی طور پر پنج وقتہ اور جمعہ کی نمازیں ادا کی جائیں۔ مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد حسبِ سابق نمازیں مسجد میں ادا کی جائیں گی اور جس مکان یا پلاٹ میں عارضی طور پر نمازیں ادا کی گئی تھیں، اس پر مسجد کا اطلاق نہیں ہوگا، اس کا مالک جس کام میں چاہے اسے استعمال کرسکتا ہے۔

اس سلسلے میں ضروری بات یہ ہے کہ مسجد کی تعمیر سے پہلے زمین کو باقاعدہ وقف کیا جائے، اس کے کاغذات تیار کروا لیے جائیں، اس کے بعد ہی وہاں مسجد کی تعمیر کی جانی چاہیے۔