ہمارے ایک دوست ہیں، جنہوں نے چودہ ایکڑ زمین سالانہ معاہدے پر لی ہے۔ اب فصل تیار ہے۔ اسے بارش کے پانی سے سینچا گیا ہے۔ فصل کاٹنے اور دیگر اخراجات میں ان کے دو لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ اب اِس فصل میں سے جو عشر نکالا جائے گا، کیا پہلے اس میں سے خرچ ہونے والی رقم کو منہا کیا جائے گا یا نہیں ؟
جواب
اگر عُشری زمین کو بارش کے پانی سے سینچا گیا ہو تو اس سے عُشر یعنی پیداوار کا دسواں حصہ (۱۰٪) نکالا جائے گا اور اگر مصنوعی آب رسانی کے ذرائع مثلا ٹیوب ویل وغیرہ سے سینچا گیا ہو تو نصف عشر یعنی پیداوار کا بیسواں حصہ (۵٪) نکالنا واجب ہوگا۔
زمین کو کاشت کے قابل بنانے سے لے کر پیداوار حاصل ہونے تک جتنے مصارف ہوتے ہیں انہیں پہلے پیداوار میں سے منہا نہیں کیا جائے گا، بلکہ پوری پیداوار میں سے عُشر یا نصف عُشر نکالا جائے گا۔ فتاوی ہندیہ میں ہے:
و لا تحسب أجرة العُمّال و نفقة البقر، و كری الأنهار، و أجرة الحافظ وغیر ذلك، فیجب إخراج الواجب من جمیع ما أخرجته الأرض عُشراً أو نصفاً، کذا فی البحر الرائق۔ (۱\۱۸۷)
’’ پیداوار میں سے مزدوروں کی اجرت، جانوروں کا خرچ، سینچائی کے مصارف اور چوکیدار کی اجرت وغیرہ کم نہیں کی جائے گی۔ زمین کی کل پیداوار میں سے عُشر یا نصف عُشر نکالا جائے گا۔ البحر الرائق میں یہ بیان کیا گیا ہے۔ ‘‘
Fabruary 2025