کیا زکوٰۃ کی ادائیگی قسطوں میں ہو سکتی ہے؟

کیازکوٰة قسطوں میں دی جاسکتی ہے؟ اگر ہاں تو اس کا حساب لگانے کا کیا طریقہ ہے؟

جواب

زکوٰةیک مشت نکالی جا سکتی ہے اور قسطوں میں بھی۔

قسطوں میں زکوٰة نکالنے کا ایک طریقہ یہ ہو سکتا ہے کہ اپنے پورے مال کا حساب کرکے جتنی زکوٰة واجب ہوئی ہو اسے الگ کرلیا جائے،یا اگر پوری رقم بینک میں ہو تو زکوٰة کی رقم کو الگ نوٹ کرلیا جائے اور اس میں سے حسب ضرورت و موقع تھوڑا تھوڑا خرچ کیا جائے، یہاں تک کہ پوری رقم خرچ ہوجائے۔

اس کا دوسرا طریقہ یہ ہوسکتا ہے کہ سال مکمل ہونے سے پہلے، آدمی حسب ضرورت زکوٰة نکالتا رہے۔ جب وہ کسی غریب کو کچھ مال دے تو نیت کرلے کہ میں یہ مال بطورزکوٰة دے رہا ہوں۔ سال مکمل ہونے پر حساب کرلے کہ اس پر کتنی زکوٰة واجب ہوئی ہے۔ حساب ہونے پر اگر زکوٰة کی کچھ رقم اس کے پاس بچ رہے تو اسے بھی نکال دے اور اگر وہ زیادہ زکوٰة نکال چکا ہو تو زائد رقم کو اگلے سال کی زکوٰة میں شمار کرلے۔