شوہر نکاح ثانی کرنا چاہتا ہو تو کیا اپنی بیوی سے اس کا یہ مطالبہ کرنا درست ہے کہ وہ اس کے لیے دوسری بیوی تلاش کرے؟ اکثر شوہر یہ مطالبہ کرتے ہیں، جب کہ ایک خاتون کی نفسیات پر یہ ایک طرح کا ظلم لگتا ہے۔
مرد دوسری شادی کرنا چاہتا ہے تو یہ بات درست ہے کہ بیوی کو اس کی راہ میں مزاحم نہیں بننا چاہیے، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے مرد کو اس کی اجازت دی ہے اور اس اجازت میں کوئی نہ کوئی حکمت پائی جاتی ہے۔ لیکن عورت ہی پر شوہر کے لیے دوسری بیوی تلاش کرنے کی ذمہ داری ڈالی جائے، یہ عورت کے مزاج اور نفسیات کے سراسر خلاف معلوم ہوتا ہے۔براہِ کرم اس سلسلے میں صحیح موقف کی وضاحت فرمادیں۔
جواب
قرآن مجید میں مردوں کو ایک سے زائد (چار تک) نکاح کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے
فَانْكِحُوْا مَا طَابَ لَكُمْ مِّنَ النِّسَاۗءِ مَثْنٰى وَثُلٰثَ وَرُبٰعَ۰ۚ فَاِنْ خِفْتُمْ اَلَّا تَعْدِلُوْا فَوَاحِدَۃً (النساء۳)
’’تو جو عورتیں تم کو پسند آئیں ان میں سے دو دو، تین تین، چار چار سے نکاح کر لو۔ لیکن اگر تمھیں اندیشہ ہو کہ ان کے ساتھ عدل نہ کر سکو گے تو پھر ایک ہی بیوی کرو۔‘‘
اس آیت میں ایک سے زیادہ نکاح کرنے کا حکم نہیں دیا گیا ہے، بلکہ وقتِ ضرورت اجازت دی گئی ہے۔ بسا اوقات ایسی صورتیں پیش آسکتی ہیں کہ مرد کو ایک سے زیادہ عورتوں سے نکاح کرنا پڑے۔ مثلاً کسی شخص کی بیوی کسی شدید بیماری میں مبتلا ہو، جس کی بنا پر مرد کے جنسی تقاضے پورے نہ ہو رہے ہوں، یا اس کی کوئی رشتے دار عورت مطلقہ یا بیوہ ہوجائے اور اسے سہارے کی ضرورت ہو، وغیرہ۔
اس آیت سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ ایک سے زائد نکاحوں کو ’عدل‘ کے ساتھ مشروط کیا گیا ہے، یعنی شوہر کو تمام بیویوں کے درمیان عدل و انصاف سے کام لینا ہے اور کسی کی حق تلفی نہیں کرنی ہے، چنانچہ صاف الفاظ میں کہا گیا ہے کہ اگر مرد کو اندیشہ ہو کہ وہ عدل نہیں کرسکے گا تو پھر وہ ایک سے زیادہ نکاح کرنے کا خیال دل سے نکال دے۔
اس سے معلوم ہوا کہ اگر مرد ایک سے زیادہ نکاح کرنے کی ضرورت محسوس کرتا ہے تو وہ خود اپنے لیے دوسری بیوی تلاش کرے۔ یہ کام پہلی بیوی کے حوالے کرنا اور اس سے اس کا مطالبہ کرنا درست نہیں ہے۔ یہ کام عورت کے مزاج اور نفسیات کے خلاف معلوم ہوتا ہے کہ وہ خود اپنے لیے سوکن فراہم کرنے کی جدّو جہد کرے۔ چنانچہ اگر کسی عورت سے شوہر اس کا تقاضا کرے تو وہ اس سے انکار کر سکتی ہے۔
دوسری طرف اگر کوئی عورت اپنے شوہر کی خواہش پر اس کے لیے دوسری بیوی تلاش کرنے پر رضا مند ہوجائے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ عموماً سوکنوں میں خوش گوار تعلق نہیں رہتے۔ اس بنا پر اگر بیوی کسی غیر شادی شدہ عورت کو جانتی ہو اور اسے امید ہو کہ اگر اس سے اس کا شوہر شادی کرلے تو بعد میں اس کے لیے مسائل پیدا نہیں ہوں گے تو وہ شوہر کے لیے اس کی نشان دہی کر سکتی ہے۔ میں ایسے متعدد خاندانوں کو جانتا ہوں جن میں پہلی بیوی نے شوہر کے لیے رشتہ تلاش کیا، بعد میں دونوں خواتین کے درمیان خوش گوار تعلقات رہے اور انھوں نے شیر و شکر ہو کر زندگی گزاری۔