کیا طویل عرصہ تک شوہر سے علٰیحدہ رہنے سے طلاق ہوجائےگی؟

ایک عورت شوہر سے روٹھ کر بیرونِ ملک چلی گئی۔ دس سال تک ان کے درمیان فون پر لڑائی چلتی رہی ۔ عورت کا اپنے شوہر سے اصرار تھا کہ دوسری بیوی کوطلاق دو۔ ایک موقع پر میاں بیوی دونوں ایک شہر میں تھے۔ بچوں نے انہیں ملوانے کی کوشش کی ، مگر بیوی تیار نہ ہوئی ۔ اس نے بچوں کوبرا بھلا کہا اور شوہر کو گالیاں دیں ۔ اس صورتِ حال میں کیا میاں بیوی کے درمیان طلاق ہوگئی، یا ابھی کچھ گنجائش ہے؟
جواب

نکاح ایک معاہدہ (Agreement)ہے ۔ جب تک اسے شعوری طور پر ختم نہ کیا جائے وہ ختم نہ ہوگا۔ طلاق کے ذریعے اس معاہدہ کوختم کیا جاتاہے ۔ قرآن کریم میں ہے :
بِیَدِہِ عُقْدَۃُ النِّکَاحِ (البقرۃ: ۲۳۷)
’’ اس (مرد) کے اختیار میں عقدِ نکاح ہے۔‘‘
بیوی کے لمبے عرصے تک شوہر سے علٰیحدہ رہنے یا اس کے اپنے شوہر کوبرا بھلا کہنے سے طلاق نہیں ہوجاتی ۔ اس پر تمام فقہاء کا اتفاق ہے ۔