:میرے چچا کا گزشتہ دنوں انتقال ہوگیا ہے۔ چچی ابھی زندہ ہیں ۔ان کی چار لڑکیاں ہیں ۔ لڑکا کوئی نہیں ہے۔ مرحوم کا ایک بھائی اوردوبہنیں بھی حیات ہیں ۔ رہائشی مکان کے علاوہ ان کی کچھ زمین جائیداد ہے اورکچھ نقدرقم بھی ۔ اسے وارثین میں کیسےتقسیم کریں گے؟ کیا بیوہ اور لڑکیوں کی موجودگی میں بھائی اوربہنوں کا بھی کچھ حصہ ہوگا؟ جواب :وراثت کے احکام قرآن مجید میں سورۂ نساء میں بیان کردیے گئے ہیں ۔ ان کے مطابق: (۱) اگر اولاد ہوتو بیوی کوآٹھواں حصہ ملے گا۔فَاِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَھُنَّ الثُّمُنُ (النساء ۱۲) (۲) اولاد میں اگر لڑکیاں ہوں اوروہ دو یا دو سے زائد ہوں تو ان کا حصہ دو تہائی ہوگا۔ فَاِنْ كُنَّ نِسَاۗءً فَوْقَ اثْنَتَيْنِ فَلَھُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَكَ ( ا لنساء۱۱) (۳) وارثین میں بھائی بہن بھی ہوں تو اصحاب الفرائض (جن کے حصےمتعین ہیں ) کو دینے کے بعد جوکچھ بچے گا وہ ان کے درمیان اس طرح تقسیم کیا جائے گا کہ عورت کا حصہ اکہرا اور مرد کا حصہ دوہرا ہوگا۔وَاِنْ كَانُوْٓا اِخْوَۃً رِّجَالًا وَّنِسَاۗءً فَلِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْاُنْثَـيَيْنِ (النساء۱۷۶) مذکورہ حصوں کواگر فی صد میں بیان کرنا ہوتو چاروں لڑکیوں کو۷ء۶۶فی صد (ہر لڑکی کو۷ء۱۶%ملے گا) بیوہ کو۵ء۱۲% ، بھائی کو۴ء۱۰%اور دونوں بہنوں کوبھی۴ء۱۰% ملے گا۔ (ہربہن کے حصے میں ۵ء۲%آئے گا۔) سوال :ایک صاحب کا انتقال ہوا۔ان کے اکاؤنٹ میں دو(۲) لاکھ روپے ہیں ۔ ان کے والدین کا انتقال ہوگیا ہے۔ ایک بڑے بھائی اورچار(۴) بہنیں تھیں ۔ ان کا بھی انتقال ہوگیا ہے۔ زندہ رشتے داروں میں بیوہ،چار(۴) بیٹے،تین (۳) بھانجے اورتین (۳)بھانجیاں ہیں ۔ ان پر کوئی قرض نہیں اور نہ انھوں نے کسی کے حق میں کچھ وصیت کی ہے۔ ان کی وراثت کیسے تقسیم ہوگی؟
جواب

(۱) وراثت کا تعلق کسی شخص کے انتقال کے بعد اس کی مملوکہ چیزوں کی تقسیم سے ہے۔ جن لوگوں کا انتقال اس سے پہلے ہوگیا ہو ان کا کوئی حصہ نہیں ہوتا ۔
(۲) اولاد ہونے کی صورت میں بیوی کو آٹھواں حصہ ملے گا۔
(۳) باقی چاروں بیٹوں کے درمیان برابر تقسیم ہوجائے گا۔
(۴) بھانجوں اور بھانجیوں کو کچھ نہ ملے گا ۔
دوسرے الفاظ میں بیوی کا حصہ۵ء۱۲% ،باقی۵ء۸۷% چاروں بیٹوں میں تقسیم ہوگا۔ ہر بیٹے کو۹ء۲۱% ملے گا۔
کل مالِ وراثت دو(۲) لاکھ روپے ہے تو بیوی کو۲۵ ہزار ملیں گے اور باقی ایک لاکھ پچھتّرہزار(۰۰۰،۷۵،۱) روپے چاروں بیٹوں میں تقسیم ہوں گے ۔ہر بیٹے کو تینتالیس ہزار سات سو پچاس (۷۵۰،۴۳)روپے ملیں گے ۔