مولانا حسین احمد صاحب کا ایک فتو ٰی اور اس کا جائزہ
جناب مولانا حسین احمد صاحب مدنی نے ایک پمفلٹ’’مسلمان اگر چہ بے عمل ہو مگر اسلام سے خارج نہیں ہے‘‘شائع کرایا ہے، جس میں یہ ثابت کیا ہے کہ آپ کا مسلک اہل سنت والجماعت کے بالکل خلاف ہے اور احادیث صحیحہ اور آیات صریحہ کے بالکل منافی ہے۔ اور لکھا ہے کہ آپ اعمال کے جزو ایمان ہونے کے قائل ہیں ، جیسا کہ خوارج اور معتزلہ کا عقیدہ ہے اور آپ اس عقیدے کو شافعیہ اور محدثین کی طرف منسوب کرتے ہیں ۔حالاں کہ شافعیہ ومحدثین اعمال کو ایمان کا جزوِ مقوم نہیں بلکہ جزو متمم و مکمل کہتے ہیں ۔ازراہِ کرم اس مسئلے کے متعلق اپنا عقیدہ بالوضاحت تحریر فرما ویں ،اور ترجمان القرآن میں شائع فرما ویں ۔انھوں نے آپ کی مندرجہ ذیل عبارات کو بطور دلیل پیش کیا ہے:
(۱) ’’رہے وہ لوگ جن کو عمر بھر کبھی یہ خیال نہیں آتا کہ حج بھی کوئی فرض ان کے ذمے ہے،دنیا بھر کے سفر کرتے پھرتے ہیں ،یورپ کو آتے جاتے حجاز کے ساحل سے بھی گزر جاتے ہیں جہاں سے مکہ صرف چند گھنٹوں کی مسافت پر ہے،اور پھر بھی حج کا ارادہ تک ان کے دل میں نہیں گزرتا،تو وہ قطعاًمسلمان نہیں ہیں ۔جھوٹ کہتے ہیں اگر اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہیں ،اور قرآن سے جاہل ہے جو انھیں مسلمان سمجھتا ہے۔‘‘({ FR 1092 })
(۲) ’’اس سے معلوم ہوا کہ زکاۃ کے بغیر نماز، روزہ اور ایمان کی شہادت سب بے کار ہیں ۔ کسی چیز کا بھی اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔‘‘ ({ FR 1093 })
(۳) ’’ان دو ارکان اسلام یعنی(نماز وزکاۃ) سے جو لوگ رو گردانی کریں ،اُن کا دعواے ایمان ہی جھوٹا ہے۔‘‘({ FR 1094 })
(۴) ’’قرآن کی رُو سے کلمۂ طیبہ کا اقرار ہی بے معنی ہے اگر آدمی اس کے ثبوت میں نماز اور زکاۃکا پابند نہ ہو۔‘‘ ({ FR 1095 })
یہ سب حوالہ جات خطبات بار ہفتم کے مطابق ہیں ۔