باپ بیٹوں کے مشترکہ کاروبارمیں وراثت کا مسئلہ
ہمارے ایک عز یز کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہوا ہے ۔ وہ اپنے پیچھے بیوی،دو (۲) لڑکے اور چھ (۶) لڑکیاں چھوڑ گئے ہیں ۔
مرحوم کی ایک دوکان تھی ۔ انہوں نے بڑے لڑکے کواپنے ساتھ کاروبار میں شریک کرلیا ۔ دونوں نے مل کر کاروبار کوخوب ترقی دی ۔ چندسال کے بعد چھوٹا لڑکا بھی اسی کاروبار میں شریک ہوگیا۔ مرحوم نے وہ دوکان ، جسے انہوں نے کرایے پر حاصل کیا تھا ، کچھ عرصے کےبعد خریدلی اور اسے دونوں بیٹوں کے نام رجسٹر ڈ کروادیا ۔ کاروبار بھی انہوں نے دونوں بیٹوں کے درمیان تقسیم کردیا کہ بڑا بھائی ہول سیل سنبھالے گا اور چھوٹا بھائی ریٹیل ۔
باپ کے انتقال کے بعد جب تقسیم وراثت کا مسئلہ سامنے آیا تو بڑے بھائی نے کہا کہ والد صاحب نے دوکان ہمارے نام رجسٹرڈ کرادی تھی ، اس لیے وہ ہماری ہے ۔ باقی جائیداد میں وراثت تقسیم ہوگی ۔ چھوٹے بھائی کا کہنا ہے کہ والد صاحب کاروبار میں آخری وقت تک ساتھ تھے، اس لیے پوری جائیداد دوکان سمیت وراثت میں تقسیم کی جائے۔ لڑکیوں کا بھی یہی کہنا ہے کہ والد صاحب نے کبھی ہمارے سامنے یہ ذکر نہیں کیا کہ دوکان صرف لڑکوں کی ہے، اس لیے اس میں ہمارا بھی حق بنتا ہے۔بہ راہِ کرم اس مسئلے کی وضاحت فرمائیں ۔ دوکان میں لڑکیوں کا حصہ بنتا ہے یا نہیں ؟
جواب: باپ کے کاروبار میں لڑکے تعاون کریں تو اس کا مالک باپ ہی رہے گا ، الّا یہ کہ باقاعدہ پارٹنر شپ کی صراحت ہوجائے ۔ لیکن جن چیزوں کی رجسٹری باپ نے اپنی زندگی میں بیٹوں کے نام کرادی ان کے مالک بیٹے تصور کیےجائیں گے ، کیوں کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس نے اپنی زندگی میں وہ چیزیں بیٹوں کوہبہ کردیں اور ان کوانھیں کا مالک بنادیا۔باپ نے اپنی زندگی میں کاروبار بھی بیٹوں کے درمیان بانٹ دیا تو اس کے مالک بھی بیٹے سمجھے جائیں گے ۔ بقیہ جو چیزیں باپ کی ملکیت میں تھیں ، اس کے انتقال کےبعد وہ مستحقینِ وراثت میں تقسیم ہوں گی۔
سوال :میرے پاس ایک کرائے کی دوکان ہے ، جس کی تعمیر نو میرے بڑے بیٹے نے اپنے پیسوں سے کرائی اوردوکان میں کاروبار کے لیے جوسرمایہ لگا ہے وہ بھی میرے بڑے بیٹے کا ہے۔ دوکان پر میرا ایک چھوٹا بیٹا بھی بیٹھتا ہے ۔ شریعت کی نگا ہ میں دوکان کی ملکیت کس کی ہوگی؟
اسی طرح میر ے پاس ایک آبائی مکان ہے ، جس کی تعمیر بھی میرے بڑے بیٹے نے کرائی ہے ۔ میں اس مکان کو اپنے بڑے بیٹے کے علاوہ دوسرے وارثوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہوں ۔ کیا مجھے اس کی تعمیر میں جوخرچ ہوا ہے اس کا معاوضہ بڑے بیٹے کودینا ہوگا؟براہ کرم اس مسئلے کی وضاحت فرمادیں ۔