وراثت میں عورت کا حصہ مرد سے زیادہ ہونے کی بعض صورتیں
(۱) میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا تقسیم وراثت میں کوئی ایسی صورت ہوسکتی ہے کہ عورت اپنے برابر رتبےوالے مرد (Male of equal rank) سے زیادہ پائے؟
بعض حضرات احکام وراثت بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ بعض صورتوں میں عورت کو مرد سے زیادہ ملتا ہے ، لیکن وہ یہ صراحت نہیں کرتے کہ کیا ایسا ایک رتبے(Same rank) والے مرد اورعورت کے معاملے میں بھی ہوتا ہے ۔
(۲)پروفیسر ضیاء الحسن نے اپنی کتاب ’عورتوں کا مرتبہ اوران کے حقوق‘ (ص ۸۷) میں لکھاہے:’’ کسی کسی حالت میں عورت کومرد سے زیادہ وراثت میں حصہ ملتا ہے ، جیسے کہ عورت کا انتقال ہوجائے ، جب کہ شوہر ، ماں ، دوبھائی اورایک بہن حیات ہوں ۔ ایسی صورت میں بہن کوچھٹا حصہ ملتا ہے اوربھائی کو بارہواں حصہ‘‘۔ کیا یہ صحیح ہے؟ میرے خیال میں توبھائی بہن کوبقیہ حصے میں برابر برابر ملے گا۔