لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ کی تفسیر پر اعتراض

میں اپنے قصبہ… میں جماعتِ اسلامی کی طرف سے کام کررہا ہوں ۔چند اور رفیق بھی میرے ساتھ ہیں ۔انفرادی مخالفت پہلے بھی تھی جس کی رپورٹ میں اپنی جماعت کے مرکز کو بھیجتا رہا ہوں ۔لیکن اب ایک معاملہ ایسا پیش آگیاہے کہ آپ سے استفسار کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔
پرسوں سے ایک مولانا صاحب جن کا نام …ہے، یہاں تشریف لائے ہوئے ہیں اور انھوں نے قصبے میں اپنے خاص اشتہارات(ایک نقل منسلک ہے)({ FR 975 }) کافی تعداد میں تقسیم کراے ہیں ۔پھر شام کو ایک بہت بڑے مجمع میں تقریر کرکے جماعتِ اسلامی کے خلاف بہت کچھ زہر اگلا ہے۔میں چند باتیں ان کی نقل کرکے ملتمس ہوں کہ ضروری تصریحات سے جلد ازجلد میری راہ نمائی فرمائی جائے۔
مولانا مذکور کا ارشاد ہے:
جماعتِ اسلامی کے بڑے امیر سید ابو الاعلیٰ مودودی صاحب نہ تو کوئی مستند عالم ہیں نہ کوئی مفسر۔ صرف اپنے ذاتی علم کی بنا پر ترجمہ اور تفسیر کرتے ہیں ۔ اس کی مثال انھوں نے یہ دی ہے کہ لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتّٰى تُنْفِقُوْا مِمَّا تُحِبُّوْنَ ( آل عمران:۹۲) کا ترجمہ ’’خطبات‘‘ میں یہ ہے کہ ’’نیکی کا مرتبہ تم کو نہیں مل سکتا جب تک کہ تم وہ چیزیں خدا کے لیے قربان نہ کر دو جو تم کو عزیز ہیں ۔‘‘ اس کی تشریح میں مولاناے مذکور نے یہ فرمایا کہ دیکھو جماعتِ اسلامی تم کو نیک اور مسلمان نہیں سمجھتی جب تک کہ تم کل مال خدا کی راہ میں جماعت کو نہ دے دو۔ ورنہ اس کا سیدھا سادھا مطلب یہ ہے کہ تم نیکی میں کمال حاصل نہیں کر سکتے جب تک کہ اپنی پیاری چیز میں سے کچھ خدا کی راہ میں قربان نہ کرو۔ مطلب یہ ہے کہ نیک اور مسلمان تو تم ہر وقت ہو ہی، جب تک تم یہ کہتے ہو کہ ہم مسلمان ہیں ، البتہ کامل جب ہو گے جب پیاری شے میں سے کچھ خدا کی راہ میں قربان کروگے۔
قرآن کے چند ترجموں میں میں نے بھی دیکھا ہے کہ لفظی ترجمہ یہی ہے جو انھوں نے کیا ہے۔ اس کی کیا تأویل ہو سکتی ہے؟

قرآن میں تحریف کا الزام

مولانا …فرماتے ہیں کہ دیکھو جماعتِ اسلامی قرآن میں تحریف کرکے اس کو اپنے منشا کے مطابق ڈھالنا چاہتی ہے جو بہت بڑا ظلم ہے۔ اس کے ثبوت میں انھوں نے ایک رسالہ ترجمان القرآن اپریل ۱۹۳۸ء، ص۱۳۹ پر سورۂ البقرہ، رکوع ۲۴ کی ایک آیت پیش کی ہے:
رسالۂ مذکور میں تحریر کردہ آیت یہ ہے يٰٓاَيُّہَا اَلنَّاسُ ادْخُلُوْا فِي السِّلْمِ كَاۗفَّۃً۝۰۠ حالاں کہ قرآن پاک میں یہی آیت اس طرح درج ہے:
يٰٓاَيُّہَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوا ادْخُلُوْا فِي السِّلْمِ كَاۗفَّۃً۝۰۠ (البقرہ:۲۰۸ ) یہ ان کی ایسی دلیل ہے جو واقعی ہے اور مخالف لوگ اس تحریف سے جتنا بھی مشتعل ہوں کم ہے۔ چوں کہ یہ قرآن کا معاملہ ہے جس کی بقا کے لیے ہر مسلمان خواہ وہ بے عمل ہی کیوں نہ ہو، جان کی بازی لگا سکتا ہے۔ آپ سے یہ معلوم کرنا ہے کہ ایسا کیوں ہوا؟ ضروری تصریحات سے جلد ازجلد میری راہ نمائی فرمائی جائے۔

شفاعت کا انکار

کسی مولوی صاحب نے ایک اشتہار شائع کیا ہے جس میں آپ پر معتزلی اور خارجی ہونے کا فتویٰ لگایا ہے۔بِنائے فتویٰ یہ ہے کہ آپ نبی کریم ﷺ کی طرف سے قیامت کے روز اُمت کے بارے میں شفاعت کے منکر ہیں ۔ اس کا حوالہ ترجمان القرآن، جنوری، فروری۱۹۴۵ صفحہ۳۰سے لیتے ہوئے آیت’’جنگ کرو اہل کتاب میں ان لوگوں کے خلاف جو اﷲ اور روز آخرت پر ایمان نہیں لاتے‘‘کے تشریحی نوٹ کا دیا ہے۔یہ نوٹ یوں ہے:’’وہاں کوئی سعی سفارش، کوئی فدیہ اورکسی بزرگ سے منتسب ہونا کام نہ آئے گا۔‘‘ اسی طرح تفہیمات سے بھی کوئی حوالہ اسی قسم کا اخذ کیاہے۔

مخالفین کے بے دلیل فتوے

مولانا … نے یہ بھی فرمایا ہے کہ میں نے جماعتِ اسلامی کو بیخ وبن سے اکھاڑ پھینکنے کا بیڑا اٹھایا ہے، اور جب تک اس کام میں کام یابی حاصل نہ کر لوں گا دوسرا کام اپنے اوپر حرام سمجھوں گا۔ اسی لیے انھوں نے چند علما کے فتاویٰ لے کر چھپنے کے لیے بھیجے ہیں جن کے ذریعے پروپیگنڈا کیا جائے گا۔ ضروری تصریحات سے جلد ازجلد میری راہ نمائی فرمائی جائے۔

مفتی حضرات سے بغرض دعوت ِ تحقیق خط کتابت

اقامت دین کی تحریک حسب معمول قدیم نئے فتنوں سے دوچار ہورہی ہے۔ فتویٰ بازی۱ور الزام تراشی جس طبقے کا مخصوص شعار تھا،وہ تو اپنا ترکش خالی کرکے ناکام ہوچکا ہے۔اب اصحاب غرض نے ہمارے سلسلۂ دیوبند کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کرنا شروع کیا ہے۔ ممکن ہے کہ وہاں کی جماعتِ اسلامی نے کچھ تنقید وتبلیغ میں بے اعتدالی سے کام لیا ہو اور اس کا ردعمل ہو۔وہاں کے استفتا کے جواب میں بھی اور یہاں پاکستان کے استفتائوں کے جواب میں بھی مستند ومحتاط حضرات کے فتاویٰ شائع ہونے شروع ہوگئے ہیں ۔پاکستان میں اہل علم کا بہت زیادہ طبقہ دیو بند سے وابستہ ہے اور وہاں کے فتوے سے اثرپذیر ہونا بھی لازمی ہے، جس کا اثر بدتحریک پر بھی پڑسکتا ہے۔لہٰذا آپ ضرور مناسب طریقے سے اس کی مدافعت کیجیے۔
۳۲ صفحے کا ایک فتویٰ دارالافتائ سہارن پور کا شائع ہوا ہے جس کے آخر میں مولانا مفتی مہدی حسن صاحب شاہ جہان پوری اور مولانا اعزاز علی صاحب کا فتویٰ بھی ہے۔رسالۂ دارالعلوم کا جو پہلا نمبرنکلاہے،اس میں حضرت مولانا گنگوہی کے پوتے حکیم محمودصاحب کا ایک طویل مکتوب ہے۔اگرچہ انھوں نے تونہایت محتاط طریقے سے اور متانت کے رنگ میں لکھا ہے،اور میرے خیال میں انداز تعبیر سنجیدہ ہے۔لیکن بہرحال انھوں نے بھی تحریک کوعوام کے لیے دینی لحاظ سے مضر بتایا ہے۔اثر انگیز ہونے کے لحاظ سے جوشیلے اور غیر معتدلانہ فتووں سے یہ زیادہ بُرا ہوتا ہے۔کل مجھے بٹالہ کے ایک بزر گ کا ضلع …سے خط آیا ہے جن کا حضرت گنگوہی سے تعلق تھا اور اس کے بعد سے دوسرے تمام بزرگانِ دیو بند سے تعلق رہا ہے۔انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ابھی مجھے حضرت… کا خط سہارن پور سے آیا ہے اور انھوں نے تحقیق حال کے طور پر پوچھا ہے کہ ایک واقعہ مجھے صحیح طورپر معلوم کرکے لکھو۔‘‘ پاکستان سے برابر خط آرہے ہیں کہ مولانا مودودی حضرت مولانا گنگوہی اور حضرت مولانا نانوتوی کا نام لے لے کر ان کی مخالفت میں تقریریں کرتا رہا ہے اور کہتا پھرتا ہے کہ ان لوگوں کو دین کے ساتھ مناسبت ہی نہ تھی، اور خاص طورسے سرگودھاکی تقریروں کا حوالہ دیا ہے کہ وہاں نام لے کر یہ مخالفت کی گئی۔ بٹالوی بزرگ نے مجھ سے پوچھا ہے کہ صحیح واقعہ کیا ہے۔ میں نے انھیں جواب دے کر تردید کردی ہے کہ یہ محض افترا ہے اور خود سہارن پور بھی حضرت… کو خط لکھ دیا ہے۔ تاہم آپ خود بھی ان الزامات کی تردید کریں ۔ جواب در جواب کا سلسلہ بھی غلط ہے اور سکوت محض سے بھی لوگوں کے شبہات قوی ہوجاتے ہیں ۔اس طرح اصل مقصد یعنی تحریک اقامت دین کو نقصان پہنچتا ہے۔علی الخصوص حضرت مولانا حسین احمد صاحب مدنی، حضرت مولانا اعزاز علی صاحب، حضرت مولانا محمدطیب صاحب،حضرت مولانا مفتی کفایت اﷲ صاحب، حضرت مولانا حفظ الرحمٰن صاحب،حضرت مولانا احمد سعید صاحب،حضرت مولانا محمد زکریا صاحب، حضرت مولانا حافظ عبداللطیف صاحب سے خط وکتابت کرکے انھیں مشورہ دیں کہ اگر میرے متعلق یا جماعت کے متعلق کوئی استفتا آپ کے سامنے آئے تو جواب دینے سے پہلے آپ مجھ سے اصل حقیقت معلوم کرلیا کریں ۔

جدید تعلیمی اداروں میں اسلامیات کی تدریس اور نصاب

میں مدرسۂ مظاہر العلوم کا فارغ التحصیل ہوں ۔میرا عقیدہ علماے دیو بند و مظاہر العلوم سے وابستہ ہے مگر ساتھ ساتھ اپنے اندر کافی وسعت رکھتا ہوں ۔جہاں مجھے بھلائی معلوم ہوجائے،وہاں حتی الامکان اس میں حصہ لینے کا رُجحان رکھتا ہوں ۔ اسی وجہ سے جماعتِ اسلامی کے ساتھ قلبی ربط رکھتا ہوں ۔ اخبار ’’کوثر‘‘ اور لٹریچر کا مطالعہ کرتا رہتا ہوں ۔مولانا ابواللیث کی زندگی کو قریب سے دیکھ چکا ہوں ۔علماے دیو بند اور آپ کے درمیان جو کشیدگی پیدا ہوگئی ہے، اس کا بھی مجھے علم ہے اور اس کی وجہ سے میری طبیعت پریشان ہے۔میں نے ’’ترجمان القرآن‘‘ کے وہ شمارے پڑھے ہیں جن میں حکیم گنگوہی صاحب کے اعتراضات کے جوابات آپ نے بہ نفس نفیس اور مولانا امین احسن صاحب نے دیے ہیں ۔انھیں پڑھتے ہی میں نے حضرت استاذ مفتی… کی خدمت میں جوابی لفافہ بھیجتے ہوئے لکھا کہ میری نظر میں ایک یہی جماعتِ اسلامی موجودہ وقت میں حزب اﷲ معلوم ہوتی ہے اور دل چاہتا ہے کہ ان لوگوں کے ساتھ کام کروں ۔مگر ساتھ ساتھ معلوم ہوا کہ آپ حضرات کو اس جماعت سے شدید اختلاف ہے۔لہٰذا آپ مولانا مودودی کے وہ خیالات ان کی کتابوں سے نقل فرمائیں جو اہل سنت والجماعت کے خلاف ہوں ۔چنانچہ انھوں نے ’’کشف الحقیقۃ‘‘نامی رسالہ بھیج دیا۔ میں اس کا مطالعہ کرچکا ہوں ۔
اس رسالے میں چند ایسی عبارات درج ہیں جن کے متعلق مجھے بھی اشتباہ ہوا۔چنانچہ میں نے تنقیحات حاصل کی اور اس میں وہ عبارات مل گئیں جو مفتی صاحب نے نقل کی تھیں ۔اب میں ان عبارات کے متعلق آپ سے دریافت کرتا ہوں کہ آپ کی ان سے مراد کیا ہے۔ آپ کسی نہ کسی طرح وقت نکا ل کر جواب دیں تاکہ میرے اورمیرے دو تین رفقا کے شکو ک رفع ہوسکیں ۔ اس وقت تنقیحات میرے سامنے موجود ہے اور قابل غور عبارات یہ ہیں :
(۱) ’’قرآن کے لیے کسی تفسیر کی حاجت نہیں ۔ ایک اعلیٰ درجے کا پروفیسر کافی ہے جس نے بنظر غائر مطالعہ کیا ہو۔‘‘(صفحہ۲۱۲) ساری عبارت نقل کرنے کی ضرورت نہیں ۔ واضح فرمایے کہ اس عبارت کا مطلب کیا ہے؟نفی تفسیر سے کون سی تفسیر کی نفی مراد ہے!کیا اس تفسیر کی نفی مراد ہے جو اسرائیلیات پر مشتمل ہو؟ یا موضوع حدیث سے کسی آیت کی تفسیر کی گئی ہو؟ اورپروفیسر کو غائر مطالعہ کیا بغیر احادیث وآثار صحابہ و تابعین کے حاصل ہوسکتا ہے تو تفسیر کی حاجت کیوں نہیں ؟
(۲) ’’قرآن اور سنت رسولؐ کی تعلیم سب پر مقدم ہے مگر تفسیروحدیث کے پرانے ذخیروں سے نہیں ۔‘‘(صفحہ۱۲۹) اس عبارت کو خواہ ماقبل وما بعد سے ملایا جائے یا قطع وبرید کرکے الگ کرلیا جائے،بظاہر اس کا مطلب یہی معلوم ہوتا ہے کہ قرآن حکیم واحادیث نبویہﷺ کی تعلیم مفسرین و محدثین حضرات کی تعلیم سے نہ لی جائے، بلکہ براہ راست ان سے مطالب اخذکیے جائیں ۔اگر یہ مطلب ہے توآپ کو معلوم ہے کہ صحابۂ کرام کو بھی براہِ راست اخذ مطالب کی اجازت نہ تھی،بلکہ وہ بھی محتاج تفسیر رسولﷺ تھے۔ بعض صحابہؓ نے بعض سے آیات کے مطالب سیکھ لیے۔ توپھر آج کس طرح بغیر تفسیر مفسرین متقدمین قرآن حکیم کے مطالب اخذ کیے جاسکتے ہیں ؟ اس مقام پر اگرچہ آپ نے یونی ورسٹی کو مخاطب کیا ہے، مگر ان کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ قرآن وسنت رسولﷺ کی تعلیم کو لازم قرار دے کر ان کے مطالب بغیر تفسیر وحدیث کے متقدم ذخیروں کے اخذکریں ۔ کیا بچہ بغیر والدین کے خود بخود بولی سیکھ سکتا ہے؟ بہرکیف اگر یہ مطلب ہو جو بظاہر صاف معلوم ہوتا ہے تو بجاے اصلاح کے بہت نقصان دہ ہے۔

ترویجِ فقہ اور اسلامیت اور مغربیت کی کش مکش

آپ نے تنقیحات میں لکھا ہے کہ ’’وہ ابھی تک اصرار کررہے تھے کہ ترکی قوم میں وہی فقہی قوانین نافذ کیے جائیں جو شامی اور کنز الدقائق میں لکھے ہوئے ہیں ۔‘‘ آپ کا کیا خیال ہے کہ شامی وغیرہ کتب فقہ میں اسلامی قوانین نہیں لکھے ہوئے؟کیا وہ فقہاے اسلام کے خود ساختہ قوانین ہیں جوکہ قرآن وحدیث کے مخالف ہیں ؟ بہرکیف اس کے متعلق آپ کی راے کیا ہے؟ان کتابوں میں یقیناً بعض ایسے مسائل ہیں جو مرجوح ہیں ، مگر ان سے یہ لازم نہیں آتا ہے کہ ان میں سارے مسائل قوانین اسلام کے خلا ف ہیں ۔ کیا ان میں جزئیات کے علاوہ مسلمانوں کی تنظیم اور اتحاد وغیرہ کا ذکر بسیط نہیں ہے؟اگر ہے تو ان میں کیا کمی ہے۔
اُمید ہے کہ تکلیف فرما کر ہمیں اطمینا ن دلائیں گے۔

فرضی قیاس آرائی

پنچایتی نظام اگرکسی جماعت کے امیر کو’’صالح‘‘نمائندہ تجویز نہیں کرسکتا تو اس جماعت کے افراد کیوں کرصالح قرار دیے جاسکتے ہیں ؟

تبلیغی جماعت کے ساتھ تعاون

ایک بات عرصے سے میرے ذہن میں گشت کررہی ہے جو بسا اوقات میرے لیے ایک فکر کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ میں اﷲ سے خصوصی طور پر اس امر کے لیے دُعا کرتا ہوں کہ وہ ان ذی علم ا ور باصلاحیت حضرات کو اس طرف متوجہ کردے جن کی کوششوں میں بہت سی تاثیر پوشیدہ ہے،جن کے قلب ودماغ کی طاقت سے بہت کچھ بن سکتا ہے اور بگڑ سکتا ہے،اُمت کی اصلاح بھی ہوسکتی ہے، تفرقے بھی مٹ سکتے ہیں ،تعمیری انقلاب بھی برپا ہوسکتا ہے، اور وہ سب کچھ ہوسکتا ہے جو ناممکن نظر آتا ہے۔ ایسے ہی لوگوں کی قوت فکر کی یک جائی اور ہم آہنگی کے لیے ہم اﷲ تعالیٰ سے دُعا گو ہیں ۔
جس بات کو ہم کہنا چاہتے ہیں وہ بہت بڑی اورالجھی ہوئی ہے اور مجھ جیسے کم صلاحیت انسان کے لیے یہ ہرگز زیبا نہیں کہ ایسے اہم معاملے پر قلم اٹھائے۔لیکن اﷲ تعالیٰ کی مدد اور اس کی رحمت کے بھروسے پر ہم نے یہ مخاطبت شروع کی ہے۔ شاید کہ وہ کوئی مفید نتیجہ پیدا کردے۔
آپ نے اپنی تحریرات میں متعدد جگہ اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ یہ کام ہم نے اﷲ کے لیے اور اﷲ کے ہی بھروسے پر شروع کیا ہے،اگر مجھ سے غلطی ہورہی ہے تو وہ میری اصلاح کردے۔ نیز آپ نے اس طرح کے اختلاف پر بھی فراخ دلی کے ساتھ غور وخوض کرنے کا علی الاعلان اطمینان دلایا ہے جو حق پسندی اور نیک نیتی پر مبنی ہو،اور ہم اس بات پر پوری طرح مطمئن ہیں کہ آپ نے واقعتاً ایسے مواقع پر کسی طرح کی تنگ دلی کا اظہار نہیں فرمایا ہے۔
آپ کو شاید معلوم ہوگا کہ میں نے دین کا ابتدائی شعور تبلیغی جماعت سے حاصل کیا۔اب تک میرا تعلق اس جماعت سے قائم ہے۔اﷲ اس کو قائم رکھے اور اس سے زیادہ کی توفیق عطا فرمائے۔لیکن اس کے ساتھ ہی میرا گہرا ربط جماعت اسلامی سے بھی پیدا ہوچکا ہے اور اب میرا زیادہ وقت اسی جماعت کے کاموں میں صرف ہوتا ہے۔ میں فخر نہیں کرتا بلکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ جماعت اسلامی اب ایک زندہ جماعت ہے اور دین دار طبقے کی نگاہ بھی اب اس طرف مرکوز ہو رہی ہے۔ لیکن جو بات کہ میرے نزدیک انتہائی افسوس ناک ہے،وہ تبلیغی جماعت اور جماعت اسلامی کی کشاکش ہے۔ ہم نے اس سلسلے میں اپنے تبلیغی احباب سے جو اس حلقے میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں ، گفتگو کی اور بالکل بے تکلفانہ یہ اعتراض کیا کہ آپ غیر مسلموں کے قبول اسلام اور ہدایت کے لیے دعا کرسکتے ہیں لیکن آپ کے دل میں وسعت نہیں ہے تو صرف جماعت اسلامی کے لیے۔آپ ایک فاسق وفاجر مسلمان کے عقیدہ وعمل کی اصلاح کے لیے ہرطرح کی محنت کرسکتے ہیں اور مشقت اٹھا سکتے ہیں ۔ان کی ہر بداخلاقی اور ٹھوکر کو برداشت کرسکتے ہیں ۔ لیکن جماعت اسلامی جو آپ کی نگاہ میں گمراہ ہے ،وہ قابل توجہ نہیں ہے اور نہ اس کی ضرورت آپ کے نزدیک ہے۔ ان سے ملنا، ان کی باتوں کو سننا اور جو کچھ وہ کر رہے ہیں اس کو سمجھنا بھی آپ کے نزدیک گمراہی کو دعوت دینا ہے۔لیکن اس کے ساتھ ہی جماعت اسلامی کے احباب کی حالت بھی اس لحاظ سے ان سے کچھ بہترنہیں ہے۔ہم اپنے تجربے کی بِنا پر یہ کہہ سکتے ہیں کہ تبلیغی لوگوں کو دیکھ کر ان میں ایک حرارت پیدا ہوجاتی ہے۔
میری سمجھ میں یہ بات نہیں آتی کہ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے؟ ہم نے ہر چند ان سے یہ سمجھنے کی کوشش کی کہ تبلیغی جماعت دین ہی کی تبلیغ تو کرتی ہے، کوئی بددینی تو نہیں پھیلاتی،اگرصرف کلمہ اور نماز کی ہی حد تک مان لیا جائے تو کیا یہ دین کی تبلیغ نہیں ہے؟کیا یہ بنیادی چیز نہیں ہے جس کے بغیر کوئی مسلمان خواہ وہ علم وعمل کے کسی مقام پر ہو،زندہ نہیں رہ سکتا؟ کیا ان کی شب وروز کی محنتیں خالصتاً لوجہ اﷲ نہیں ہیں ۔ ہم نے مانا کہ ان کے دماغ میں وہ وسعت نہیں ہے، لیکن ایک کمزور اور نحیف شخص کی کمزور سی محنت جو دین کے لیے ہو، کیا یہ اﷲ کی بارگاہ میں قابل قبول نہیں ہے؟میں تو کہتا ہوں کہ ایک سادہ لوح انسان جو اپنی تمام بے وقوفیوں اور کمزوریوں کے ساتھ اﷲ کی رضا کے لیے اس کے دین کی سربلندی کی کوشش کرے،وہ شاید اس اعتبار سے بڑھ جائے گی کہ اس میں آمیزش کا امکان نہیں ہے۔بخلاف اس کے ایک ذی علم اور باصلاحیت انسان کے اس توشۂ معاد میں آمیزش کا امکان ہوسکتا ہے۔ اس کو اپنے علم وعمل وحکمت پر تکبر آسکتا ہے۔
بہرحال یہ بات تو اپنے اپنے لیے ہوئی۔جہاں تک دینی مفاد کا تعلق ہے، نہ معلوم میرا یہ خیال کس حد تک صحیح ہے کہ ایسے ہی لوگ اگران کے ذہن میں اسلامی نظام کی اہمیت پیدا ہوجائے تو میرے لیے ممد ہوسکتے ہیں ۔ ایسا مخلص گروہ جو اس دنیا میں رہتے ہوئے دنیا کی ہوس نہ کرے بلکہ جو کچھ سوچے سمجھے اور چاہے وہ صرف آخرت کے لیے، اس سے زیادہ مفید انسان بنے بناے اور کہاں مل سکتے ہیں ۔ہم اس پر اصرار تو نہیں کرسکتے لیکن اپنے علم وفہم کی حد تک اس خیال کو بہت قریب پاتے ہیں کہ خلافت راشدہ کا قیام ایسے ہی لوگوں پر تھا۔
میری اس مخاطبت کااصل مدعا یہ ہے کہ اگر ہم ان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں اور ان کو بڑھ کر اپنا لینے کی کوشش کریں تو یہ کس حد تک ممکن العمل او رموجب خیر ہوگا؟ میرا یہ مقصد نہیں کہ ایک جماعت دوسرے میں ضم ہوجائے۔نہیں بلکہ جو جس طور پر کام کررہا ہے،کرتا جائے۔اپنے اپنے حدود میں رہتے ہوئے ہم ان کے ہم درد ہوجائیں اور وہ ہمارے لیے دعا گو بن جائیں ۔ مسلمانوں کے دو گروہوں کے درمیان سے اختلاف کامٹ جانا ہی بہت بڑی چیز ہے۔