چاند تارے والی چٹائیوں پر نماز

ہمارے علاقے میں اکثر مساجد میں جن چٹائیوں پر نماز ادا کی جاتی ہے ان میں چاند تارے بنے ہوتے ہیں ۔ ان پر نماز پڑھنے کی صورت میں حالت ِ سجدہ میں نماز کی پیشانی ان چاند تاروں پر پڑتی ہے۔ اس کے پیش نظر کچھ لوگ ان چٹائیوں کو الٹا کرکے چاند تاروں کو پیروں تلے رکھ کر نماز پڑھتے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں سورج اور چاند کو سجدہ کرنے سے منع کیا ہے۔ جب کہ کچھ لوگ چٹائی الٹی کرکے اس پر نماز پڑھنے کو ناپسند کرتے ہیں ۔ آپ سے گزارش ہے کہ شرعی اعتبار سے صحیح نقطۂ نظر کی وضاحت فرمادیں ۔

نماز میں سجدۂ تلاوت

سورۃ اقرا کے اخیر میں سجدۂ تلاوت ہے۔ اگر امام نماز میں اس سورۃ کو پڑھے تو وہ سجدۂ تلاوت کس طرح کرے گا؟ وہ پہلے رکوع کرے گا یا سجدۂ تلاوت؟

فرض نمازوں کے بعد اجتماعی دعا

فرض نمازوں کے بعد امام اور مقتدیوں کا مل کر اجتماعی دعا مانگنے کا رواج ہوگیا ہے، جب کہ بعض حضرات کہتے ہیں کہ یہ بدعت ہے۔ عہد نبویؐ میں اس کا رواج نہیں تھا اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے یہ ثابت نہیں ہے۔ بہ راہ کرم رہ نمائی فرمائیں ، شریعت کی رو سے ایسا کرنا جائز ہے یا نہیں ؟

زکوٰۃ کی مقدار

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ زکوٰۃ کم از کم ڈھائی فی صد (2.5%) ہے، چنانچہ اس سے زیادہ بھی نکال سکتے ہیں ، مثلاً پانچ فی صد یا دس فی صد۔ اب فرض کیجئے کہ پانچ فی صد کے حساب سے میری زکوٰۃ دو ہزار روپے بنتی ہے۔ یہ رقم میں کسی جماعت یا ادارہ کو دوں تو کیا یہ کہنا صحیح ہوگا کہ یہ پوری رقم زکوٰۃ کی ہے، یا یہ بتانا ہوگا کہ اس میں ایک ہزار روپے زکوٰۃ کے اور ایک ہزار روپے عطیہ ہیں ؟

تبلیغ ِ دین کے کام میں زکوٰۃ کا استعمال

برادران ِوطن میں دین کی دعوت و تبلیغ کے لیے ایک ادارہ قائم کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ایک موبائل وین کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعہ دینی کتابیں شہر کے مختلف علاقوں میں پہنچائی جائیں گی، دینی کتابیں اور فولڈر مفت تقسیم کیے جائیں گے اور کچھ کتابیں برائے نام قیمت پر فروخت بھی کی جائیں گی۔ ان سے جو رقم حاصل ہوگی وہ اسی کام میں صرف ہوگی، یعنی مزید کتابیں خرید کر اسی مقصد کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ اس ادارہ سے کوئی نفع کمانا مقصد نہیں ہے۔ اس کا واحد مقصد دعوت دین ہے۔ کیا اس کام میں زکوٰۃ کی رقم استعمال کی جاسکتی ہے؟ بہ راہ کرم قرآن و سنت کی روشنی میں جواب عنایت فرما کر ممنون فرمائیں ۔

ریاستی مظالم کے شکار لوگوں کو چھڑانے کے لیے زکوٰۃ کا استعمال

ادھر کچھ عرصے سے مسلم نوجوانوں کی بڑی تعدادریاستی مظالم کا شکار ہے۔ انھیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے اور ان پر بہت سے مقدمات لاد دیے جاتے ہیں ۔ ان مقدمات کی پیروی کے لیے خطیر رقم کی ضرورت ہوتی ہے، جسے فراہم کرپانا بسا اوقات ان مظلومین کے لیے ممکن نہیں ہوپاتا۔ کیا اس کام میں زکوٰۃ کی رقم صرف کی جاسکتی ہے؟

سفر ِ حج کے لیے جمع کی گئی رقم پر زکوٰۃ

میں نے گزشتہ سال سفر ِ حج کے لیے پیسہ اکٹھا کیا تھا، مگر میرا نام نہیں آیا۔میں نے وہ پیسہ محفوظ کردیا تھا۔ اب اس پر ایک سال گزر گیا ہے۔ کیا مجھے اس کی زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی؟

کیا دعاؤں میں پیغمبر کا وسیلہ اختیار کرنا جائز نہیں ؟

ماہ نامہ زندگی نو جنوری ۲۰۱۱ میں مولانا محمد سلیمان قاسمی کا مضمون بہ عنوان ’ابراہیم علیہ السلام کی دعائیں ‘ شائع ہوا ہے۔ اس میں انھوں نے ص ۲۳ پر لکھا ہے: ’ابراہیم علیہ السلام کی دعاؤں سے ایک اور حقیقت واضح طور پر ثابت ہو رہی ہے کہ دعاؤں میں کسی کو واسطہ اور وسیلہ نہیں بنانا چاہیے۔ کسی کو واسطہ اور وسیلہ بنانا اللہ کو اپنے سے دور سمجھنے کے مترادف ہے، حالاں کہ اللہ ہر جگہ موجود ہے اور اپنی مخلوق پر انتہائی شفیق اور مہربان ہے۔ سب کی سنتا ہے اور بلاواسطہ اور بغیر وسیلہ سنتا ہے۔‘‘ جب کہ میں نے دوسری کتابوں میں پڑھا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے وسیلے سے دعا مانگی جاسکتی ہے۔ مثلاً جناب نعیم صدیقی کی کتاب ’محسن انسانیت‘ کے صفحہ ۴ پر یہ عبارت ہے: ’وہ گورے مکھڑے والا جس کے روے زیبا کے واسطے سے ابر رحمت کی دعائیں مانگی جاتی ہیں ۔‘‘
ہر نماز میں قعدۂ اخیرہ میں ہم دعا سے قبل درود شریف پڑھتے ہیں ۔ احادیث سے بھی ثابت ہے کہ اگر دعا سے پہلے اور بعد میں درود شریف پڑھیں تو اس کی برکت سے دعا کی قبولیت یقینی ہوتی ہے۔ کیا یہ درود شریف ایک طرح کا واسطہ نہیں ہے؟
کیا دعا میں نبی کریم ﷺ کا واسطہ اختیار کرنا جائز نہیں ہے، جب کہ یہ عقیدہ پختہ ہو کہ حاجت روا صرف اور صرف اللہ رب العزت کی ذات ہے؟