میں ایک سلاٹر ہاؤس میں کام کرتا ہوں ۔ یہاں بڑے پیمانے پر جانوروں کا ذبیحہ ہوتا ہے۔ ذبح کا عمل صحیح اور شرعی طریقے سے انجام پائے اس کی نگرانی کے لیے دو مستند علماء مامور ہیں ۔ ابھی پچھلے دنوں ایک واقعہ یہ پیش آیا کہ ٹرک سے جانوروں کو اتارتے وقت محسوس ہوا کہ ایک جانور بے دم ہو رہا ہے۔جھٹ سے ایک مزدور نے اس کی گردن پر چھری پھیر دی۔ البتہ چھری چلاتے وقت اس نے بسم اللہ، اللہ اکبر کہنے کی بہ جائے لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ پڑھا۔ خیال رہے کہ مزدور مسلمان تھا، لیکن ان پڑھ تھا۔ اسے معلوم نہ تھا کہ جانور ذبح کرتے وقت بسم اللہ اللہ اکبر پڑھا جاتا ہے۔ سوال پیدا ہوا کہ یہ ذبیحہ جائز ہوا یا نہیں ؟ سلاٹر ہاؤس کے عالم صاحب سے رجوع کیا گیا تو انھوں نے اسے ناجائز قرار دیا اور وجہ یہ بتائی کہ جانور ذبح کرتے وقت صرف اللہ تعالیٰ کا نام لینا چاہیے۔ غیر اللہ کا نام لینے سے ذبیحہ حرام ہوجاتا ہے۔ اس فتویٰ کے صحیح ہونے پر مجھے کچھ شبہ ہے۔ کیا کلمۂ طیبہ پڑھ کر ذبح کرنے سے جانور حرام ہوجائے گا؟ مزدور نے اسے اللہ کے رسول ﷺ کے نام سے تو نہیں ذبح کیا ہے؟
بہ راہِ کرم اس مسئلے پر قرآن و حدیث کی روشنی میں رہ نمائی فرمائیں ۔