بگڑے ہوئے شوہر کی اصلاح کا صحیح طریقہ
میری شادی ایک جانے پہچانے خاندان میں ہوئی ہے۔ میری والدہ اور ساس بہت قریبی سہیلیاں تھیں ۔ پچیس سال سے ان کے درمیان تعلقات تھے۔ میرے والد کا انتقال میرے بچپن میں ہوگیا تھا۔ میرے بھائی نے میری کفالت اور تعلیم و تربیت کی، پھر میری شادی کے تمام مصارف برداشت کیے۔ شادی سے قبل میرے شوہر نے مجھے دیکھ کر اپنی رضا مندی دی تھی۔ شادی کے بعد کچھ عرصے تک میری سسرال والوں کے تعلقات میرے میکے والوں سے ٹھیک رہے۔ لیکن پھر میرے شوہر میرے میکے والوں سے چڑنے لگے۔ وہ اپنی بہن اور بہنوئی سے تو خوب ربط ضبط رکھتے ہیں ، لیکن میرے بھائی، والدہ اور دوسرے رشتے داروں سے نہ خود کبھی ملتے ہیں نہ فون پر ہی ان کی خیریت لیتے ہیں ۔ بل کہ ان کا مجھ سے ملنے کے لیے آنا بھی پسند نہیں کرتے۔ البتہ میرے ساتھ ان کا رویہ اچھا رہتا ہے۔ وہ مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں ۔ انھوں نے شادی کی سال گرہ پر مجھے لیپ ٹاپ کا تحفہ دیا۔ وہ جو کچھ کماتے ہیں میرے حوالے کردیتے ہیں اور مجھے پوری آزادی ہوتی ہے کہ اس میں سے جو چاہوں خرچ کروں ۔
میں اپنے شوہر کے ساتھ دوسرے شہر میں رہتی ہوں ۔ جب میں وطن جاتی ہوں تو سسرال کے تمام رشتے داروں کے لیے تحائف لے کر جاتی ہوں ، لیکن میرے شوہر میرے میکے والوں کے لیے کوئی تحفہ دیں ، یہ تو دور کی بات ہے، پوچھتے تک نہیں کہ میں ان کے لیے کچھ لے کر جا رہی ہوں یا نہیں ۔
میں پہلی مرتبہ امید سے ہوئی تو میرے شوہر نے دباؤ ڈالا کہ میں اسقاط کر والوں ۔ میں تیار نہیں ہوئی۔ وضع حمل کے دن قریب آئے تو میں اپنے میکے چلی گئی۔ وہیں ایک بچی کی ولادت ہوئی۔ یہ خبر سن کر میرے بھائی، جو دوسری جگہ سروس کرتے ہیں ، وہ تو فوراً گھر پہنچ گئے، لیکن میرے شوہر ایک مہینے کے بعد آئے۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ وہ بچی کی ولادت سے خوش نہیں ہوئے۔
میرے شوہر کی ایک بری عادت یہ ہے کہ وہ جب میرے ساتھ باہر نکلتے ہیں تو دوسری عورتوں کو یا پوسٹروں اور ہارڈنگس میں ان کے فوٹو دیکھ کر مختلف تبصرے کرتے رہتے ہیں ۔ میری بھنویں موٹی ہیں اور ہاتھوں اور پیروں میں بال ہیں ۔ مجھے احساس ہوتا ہے کہ انھیں یہ پسند نہیں ہے۔ کیا میں اپنی بھنویں پتلی کراسکتی ہوں ؟ اور ہاتھوں پیروں میں Waxing کرسکتی ہوں ؟
اپنے شوہر کے بارے میں جب سے مجھ پر ایک معاملے کا انکشاف ہوا ہے، میرا سارا سکون غارت ہوگیا ہے اور میں شدید ذہنی الجھن کا شکار ہوگئی ہوں ۔ یہاں تک کہ مجھے ڈپریشن کا مرض لاحق ہوگیا ہے۔ ایک مرتبہ میرے دل میں یہ تجسس پیدا ہوا کہ میرے شوہر کے لیپ ٹاپ میں کیا کیا ہے؟ انھوں نے Password لگا رکھا تھا۔ میں نے اسے دریافت کیا، لیکن انھوں نے نہیں دیا۔ میں کوشش کرتی رہی، یہاں تک کہ میں نے اسے جان لیا۔ لیپ ٹاپ کھولا تو میں چکرا کر رہ گئی۔ انھوں نے انتہائی فحش فلمیں اور گندے گانے لوڈ کر رکھے تھے۔ میرے اللہ! میرے شوہر اتنے برے ہیں ۔ میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ میں نے ان سے خوب جھگڑا کیا۔ بالآخر انھوں نے وعدہ کیا کہ آئندہ وہ ان گندے کاموں سے بچیں گے۔ میں نے ان پر اعتبار کرلیا، لیکن یہ میری خام خیالی تھی۔ کچھ دنوں کے بعد میں نے پھر انھیں گندی تصویریں دیکھتے اور فحش گانے سنتے ہوئے پکڑ لیا۔ پھر تو میں بہت روئی اور انھیں بھی خوب سخت سست کہا۔ انھوں نے پھر وعدہ کیا کہ اب وہ خود کو سدھار لیں گے۔ اس صورت حال سے مجھے شدید کوفت ہونے لگی۔ میری کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ میں کیا کروں ؟ اپنے شوہر کی برائی میں کسی سے کر بھی نہیں سکتی تھی۔ صرف اپنی بہن اور بھائی سے اپنی الجھن بیان کی، لیکن ان سے بھی مجھے کچھ رہ نمائی نہیں مل سکی۔
اب میرے شوہر میں ایک دوسری برائی یہ پیدا ہوگئی ہے کہ وہ گھر میں ہر وقت ٹی وی آن رکھتے ہیں ۔ شام کو آفس سے آتے ہی ٹی وی چلا دیتے ہیں ، جو سوتے وقت تک برابر چلتا رہتا ہے، بل کہ بسا اوقات سوجاتے ہیں اور ٹی وی چلتا رہتا ہے۔ اس پر آنے والے پروگرام بہت زیادہ فحش اور عریاں تو نہیں ہوتے، لیکن انھیں اچھا پروگرام بھی نہیں کہا جاسکتا۔ میں انھیں منع کرتی ہوں تو وہ مانتے نہیں ۔ جھگڑنے پر آمادہ ہوجاتی ہوں تو کہتے ہیں کہ ٹی وی کو پیک کردیں گے یا بیچ دیں گے۔
کچھ دنوں قبل میں نے اپنا ایک فوٹوFacebook پر ڈال دیا۔ اسے صرف میرے قریبی رشتے دار یا کالج کے زمانے کے دوست و احباب دیکھ سکتے تھے، لیکن میرے شوہر کو معلوم ہوا تو انھوں نے مجھے بہت ڈانٹا اور میرے کردار پر شبہ کرنے لگے۔ میں نے صفائی دی اور بات نہ بڑھے، اس لیے ان سے معافی مانگ لی۔
میرے شوہر پنج وقتہ نمازوں سے غافل ہیں ۔ وہ صرف جمعے کی نماز پڑھتے ہیں ۔ میں کبھی ان سے نماز پڑھنے کے لیے کہتی ہوں تو جواب دیتے ہیں کہ تم پڑھ لو، میں بعد میں پڑھ لوں گا۔ میں الحمد للہ! نمازوں کی پابندی کرتی ہوں ۔ قرآن مجید کی تلاوت اور اذکار کا اہتمام کرتی ہوں ۔ رات میں اٹھ کر تہجد بھی پڑھتی ہوں ۔ اللہ تعالیٰ سے خوب دعائیں بھی کرتی ہوں کہ میرے شوہر کی عادتیں سدھار دے اور انھیں سچا پکا مسلمان بنا دے۔ لیکن میری دعائیں قبول ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہیں ۔
میں نے دل پر جبر کرکے اپنے اور اپنے شوہر کے بارے میں تفصیل سے اتنی باتیں آپ سے اس لیے لکھ دی ہیں ، تاکہ آپ ان کی روشنی میں مناسب رہ نمائی فرمائیں کہ ان حالات میں میں کیا کروں ؟ مجھے ڈر لگا رہتا ہے کہ کہیں میری ازدواجی زندگی برباد ہوکر نہ رہ جائے۔ بہ راہِ کرم اپنے مشوروں سے نوازیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔