تجارتی شرکت ،اُصولی یا قوم پرستانہ

ہندو مسلم مخاصمت کی وجہ سے یہاں کی فضا حد درجے خراب ہے، اور چوں کہ مارکیٹ پر ہندوئوں کا قبضہ ہے، اس لیے مسلمانوں کو ضروریاتِ زندگی حاصل کرنے میں تکلیف پیش آرہی ہے۔ان حالات میں ایک مسلم ٹریڈنگ ایسوسی ایشن قائم کی گئی ہے جس کا مطالبہ یہ ہے کہ مسلمانوں کے حصے کا پورا کوٹا اسی کو ملے۔ہمیں بعض اصحاب مشورہ دے رہے ہیں کہ تم بھی اس میں شامل ہوجائو۔ مگر ہمیں اس کے اندر قوم پرستانہ کش مکش کی بُو محسوس ہوتی ہے اور اسی بِنا پر ہم اس سے پرہیز کررہے ہیں ۔کیا یہ رویہ ہمارے لیے مناسب ہے؟
جواب

ہندوئوں اور مسلمانوں کی قومی کش مکش سے اپنے آپ کو قطعاًبالاتر رکھیے۔اگر کبھی غیر مسلموں سے آپ کو تجارتی شرکت توڑنی پڑے بھی تو اسے قومی جھگڑے کی بِنا پر نہ توڑئیے بلکہ اُصول کی لڑائی لڑ کر توڑیے۔ اور اُن سے الگ ہوکر جو تجارتی جمعیت آپ بنائیں ،اسے بھی کسی ایک قوم کے تاجروں تک محدود نہ رکھیے، بلکہ چند معروف اُصولوں پر قائم کرکے صلاے عام کیجیے کہ جو ان اُصولوں کو قبول کرے ،وہ ہمارے ساتھ شریک ہوسکتا ہے۔آپ کی تو کوشش یہ ہونی چاہیے کہ ہر قوم کے لوگوں کے ساتھ آپ کا زیادہ سے زیادہ سابقہ اور معاملہ پیش آئے، تاکہ آپ اپنی اُصولی دعوت کو اور اپنے اخلاقی اثرات کو ہر طرف بے روک ٹوک پھیلا سکیں ۔قوم پرستانہ کشاکش میں اپنا دامن آپ نے اُلجھا لیا تو اس کے معنی یہ ہوں گے کہ گویا آپ نے ہر چار دروازوں میں سے تین دروازے اپنے اوپر خود بند کرلیے۔ (ترجمان القرآن ، جولائی ۱۹۴۶ء)