تصوّف کے سلاسلِ اربعہ

تصوّف کے سلاسلِ اربعہ کے متعلق بھی اپنی راے عالیہ سے مستفیض فرمائیں ۔
جواب

تصوّف کے سلاسلِ اربعہ کے متعلق میں نہیں سمجھ سکا کہ آپ کیا پوچھنا چاہتے ہیں ۔ ان سلسلوں کی ابتدا ایسے بزرگوں سے ہوئی ہے جو یقیناً صلحاے امت میں سے تھے اور ان کا مقصود بھی تزکیہ و اصلاح تھا، جس کے ایک پاکیزہ مقصد ہونے میں کلام نہیں کیا جا سکتا۔ مگر جس طرح مسلمانوں کی زندگی کے دوسرے شعبے بتدریج انحطاط کے شکار ہوئے اور ان میں صحیح و غلط کی آمیزش ہوتی چلی گئی، اس طرح یہ سلسلے بھی اپنی اصلی ابتدائی پاکیزہ حالت پر باقی نہیں رہ سکے ہیں ۔ لیکن خدا کے فضل سے قرآن و سنت دنیا میں محفوظ ہیں ۔ ان کی راہ نمائی میں ہم جہاں اپنی زندگی کے دوسرے شعبوں میں صحیح و غلط کے درمیان تمیز کرسکتے ہیں ، سلاسل تصوّف کے افکار و اعمال میں بھی یہ تمیز ممکن ہے۔ (ترجمان القرآن، اگست ۱۹۶۵ء)