حجیت ِ حدیث کے اوّلین منکر: خوارج اور معتزلہ

سب سے پہلے حجیت ِ حدیث کا انکار کس نے کیا ہے،اس کی نوعیت وعلت کیاتھی؟
جواب

غالباًحجیت حدیث کے اوّلین منکرین خوارج اور معتزلہ ہیں ۔خوارج نے اس لیے حدیث کا انکار کیا کہ ان کے مسلک کی اکثر باتیں حدیث کے خلاف پڑتی تھیں ، اور معتزلہ نے اس لیے انکارکیا کہ دوسرے مذاہب اور فلسفیانہ مسالک کے لوگوں سے بحثیں کرکرکے انھوں نے اسلام اور اس کے معتقدات کی حقانیت کا اثبات جن دلائل پر موقوف سمجھ لیا تھا،ان میں سے اکثر حدیث سے ٹکراتے تھے۔ اسی طرح مناظروں کے بعد انھوں نے عقائد کی جو شکل بنائی تھی،وہ بھی احادیث کے مطابق نہ تھی، اور بعض حدیث سے ثابت شدہ چیزوں کو عقلی مناظروں میں صحیح ثابت کرنے کی انھیں کوئی راہ نہ ملتی تھی۔یہ دشواری اپنے عقلی مزعومات کی بِنا پر انھیں بعض آیات قرآنی کے بارے میں بھی پیش آتی تھی۔لیکن قرآن کا انکار ناممکن تھا،اس لیے آیات کی تو عجیب وغریب اور دل چسپ تاویلیں کی گئیں اور احادیث کا سرے سے انکارکردیا گیا۔
(ترجمان القرآن، مارچ۱۹۵۴ء)