حرام ذریعہ معاش والے شخص کو مال بیچنا

کیا ایک دکان دار کسی ایسے شخص کے ہاتھ بھی اپنا مال فروخت کرسکتا ہے،جس کے بارے میں اسے یقین ہو کہ اس کا ذریعۂ معاش کلیتاً معصیت فاحشہ کی تعریف میں آتا ہے؟
جواب

اگر حرام ذریعۂ معاش رکھنے والا شخص کسی دکان دار سے کوئی چیز خریدنا چاہے تو دکان دار کے لیے اس کے بیچنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ دکان دار کے پاس جس راستے سے قیمت پہنچے گی،وہ حلال ہے۔گندگی اور حرمت پیسے میں نہیں بلکہ کسب معاش کے طریقے میں ہے۔جس شخص کے پاس حرام ذریعہ سے پیسا آیا ہے،وہ اسی کے لیے حرام ہے۔دوسرے شخص کو وہی پیسا اگر حلال راستے سے پہنچے تو اس کے حرام ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ (ترجمان القرآن، ا گست۱۹۵۲ء)