ملکیتوں کو نظامِ حکومت کے سپرد کرنا

ایک عالم نے یہ سوال کیا ہے کہ قرآن کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ جہان کی نعمتوں سے ہر فر د بشر کو منتفع ہونا چاہیے۔ اب انتفاع عامہ کے لیے اگر ملکیتوں کو نظام حکومت کے سپرد کردیا جائے تو یہ قرآن کا منشامعلوم ہوتا ہے۔
جواب

قرآن کے مطالعے سے یہ عجیب وغریب نتیجہ جو اخذکیا گیا ہے کہ ملکیتوں کو نظام حکومت کے سپرد کردیا جائے، اس کے متعلق مجھے یہ معلوم کرکے بڑی مسرت ہوگی کہ آخر قرآن کے کون سے مقامات اس کے ماخذ ہیں ؟احتیاطاً آپ میری کتاب’’مسئلۂ ملکیت زمین‘‘ کے پہلے دو باب ان عالم صاحب کی خدمت میں پیش فرما دیں تاکہ وہ ان باتوں کو نہ دہرائیں جن کا جواب پہلے دیا جاچکا ہے،یا اگر انھیں دہرائیں تو کم ازکم یہ بھی ساتھ ساتھ بتا دیں کہ میرے جواب کے کن پہلوئوں سے وہ مطمئن نہیں ہوئے۔ اس طرح میرا وقت بھی بچ جائے گا اور ان کا وقت بھی۔ (ترجمان القرآن،جون ۱۹۵۱ء)