نزولِ مسیح ؈،دجّال اور یاجوج و ماجوج

نزولِ مسیح ؈، دجّال اور یاجوج ماجوج کے متعلق جو تفسیر آپ نے بیان کی ہے اور ان کی باہمی کش مکش کا جو ذکر کیا ہے، وہ ایٹمی دور کے نقشۂ جنگ سے مطابقت نہیں رکھتا۔ موجودہ زمانے میں تو تیرتفنگ کے بجاے ایٹم بم سے دنیا چند منٹ میں تباہ ہوسکتی ہے۔
جواب

یاجوج و ماجوج، خروجِ دجّال اور نزول عیسیٰ ؈ کے متعلق جو سوال آپ نے کیا ہے اس کے متعلق میں کوئی مفصل جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں ہوں ، مجھے نہیں معلوم کہ آئندہ دنیا میں کیا ہونے والا ہے۔ مستقبل کے متعلق جتنا کچھ قرآن و حدیث سے میں سمجھ سکا ہوں اُسے میں نے تفہیم القرآن اور رسالہ ختمِ نبوت میں بیان کر دیا ہے۔ لیکن تفصیلات جاننے کا کوئی ذریعہ میرے پاس نہیں ہے۔ ایٹم کی موجودگی میں بھی قدیم اسلحے کا استعمال غیر ضروری نہیں ہوجاتا اور دست بدست لڑائی کی نوبت بھی آسکتی ہے۔ (ترجمان القرآن، مارچ ۱۹۶۷ء)