چار فقہی مسالک کا ماننا

مسلمان کا چاروں فقہوں کو ماننا کس نص کے ماتحت ہے؟
جواب

چاروں فقہوں کا برحق ماننا کسی نص کے ماتحت نہیں ہے، بلکہ اس بِنا پر ہے کہ یہ چاروں فقہی مذاہب کتاب وسنت سے استنباط کرنے میں اُن اُصولوں کو اختیار کرتے ہیں جن کے لیے شریعت میں گنجائش او ربنیاد موجود ہے ۔چاہے جزوی اُمور میں ان کے درمیان کتنا ہی اختلاف ہو، اور جزوی اُمور میں ان سے اختلاف کرنے کے لیے کسی کے پاس کتنے ہی معقول وجوہ موجود ہوں ،لیکن اصولاً استنباطِ احکام کے وہی طریقے ان مذاہب میں استعمال کیے گئے ہیں جو کتاب وسنت سے ثابت ہیں اور جن سے خود صحابہ کرام رضوان اللّٰہ علیہم اجمعین نے استنباطِ مسائل میں کام لیا تھا۔ (ترجمان القرآن، جولائی،اکتوبر ۱۹۴۴ء)