کیا بہو پر سسرال والوں کی خدمت ضروری ہے؟

شادی کے بعد لڑکی والوں کی طرف سے بار بار یہ کہا جاتا ہے کہ سسرال والوں کی خدمت بہو پر فرض نہیں ہے۔ یہ کہاں تک درست ہے؟
جواب

قانونی طور پر سسرال کے لوگوں کی خدمت، جیسا کہ ہمارے یہاں رواج ہے، جس میں نندوں ، دیوروں ، جیٹھوں اور خوش دامن اور خسر وغیرہ کی خدمت لڑکی کے لیے ضروری سمجھی جاتی ہے، صحیح نہیں ہے۔ لڑکی کا تعلق اصلاً اس کے شوہر سے ہے۔ اس لیے اس پر قانونی طور سے ان کی خدمت کی ذمے داری عائد نہیں ہوتی، لیکن اخلاقی لحاظ سے اسے شوہر کے رشتہ داروں کا خیال رکھنا چاہیے۔ اسی طرح شوہر کے رشتہ داروں کو بھی اس کی بیوی کا خیال رکھنا ہوگا اور اس کے ساتھ جبر و تشدد کی جگہ محبت کا رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ اسی سے ہماری معاشرت درست ہوسکتی ہے۔