جواب
خوشی ہوئی کہ آپ کو ملک سے باہر ایک ایسی جگہ کام کرنے کا موقع ملا ہے جہاں آپ اسلام کی بہت کچھ خدمت کرسکتے ہیں ۔آپ کواپنی جگہ یہ سمجھ لینا چاہیے کہ آپ پس ماندہ مسلمانوں اور غیر مسلموں ، سب کے سامنے حقیقی اسلام کی نمائندگی کے لیے مامور ہیں ، اور اپنے قول یا عمل سے اگر آپ نے ذرا بھی غلط نمائندگی کی تو بہت سے بندگان خدا کی گمراہی کا وبال آپ کے اوپر ہوگا۔ اس احساس کے ساتھ اگر آپ وہاں رہیں گے اور اپنی حد استطاعت تک اسلام کو ٹھیک ٹھیک سمجھ کر ایک مسلمان کی زندگی کا نمونہ بننے کی کوشش کرتے رہیں گے تو امید ہے کہ یہ آپ کی اپنی ترقی کے لیے بھی مفید ہوگا اور کیا عجب کہ یہی چیز آپ کے ہاتھوں بہت سے لوگوں کی ہدایت کا سبب بھی بن جائے، جس کا اجر آپ کو خدا کے ہاں نصیب ہو۔
وہاں کے جو حالات مجھے آپ کے خط سے معلوم ہوئے ہیں ،ان پر غور کرنے کے بعد میرے نزدیک کام کی جو صورتیں مناسب ہیں ،میں عرض کیے دیتا ہوں ۔
مقامی زبان سیکھنے اور بولنے کی مشق کریں اور صرف انگریزی پر اکتفا نہ کریں ۔غیر ممالک میں جب باہر کا کوئی شخص مقامی لوگوں سے ان کی اپنی زبان میں بات کرتا ہے تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں اور اس کی بات بڑی دل چسپی سے سنتے ہیں ۔
مقامی مسلمانوں کے ساتھ ربط ضبط بڑھایے۔ ان کو صحیح دین سمجھانے اور اسلامی طور طریقے سکھانے کی کوشش کیجیے۔ ان میں سے جن کے بچے آپ کے مدرسے میں پڑھتے ہوں ،ان پر خاص توجہ کیجیے تاکہ وہ آپ کو اپنا ہم درد سمجھیں ۔دوسرے مدرسوں میں پڑھنے والے بچوں کو بھی اگر آپ ان کی تعلیم میں کچھ مدد دے سکتے ہوں تو ضرور دیجیے۔ جو لوگ آپ سے انگریزی پڑھنا چاہتے ہیں ،انھیں پڑھایے۔ اس طرح ان کے دلوں میں اپنے لیے جگہ پیدا کیجیے اور پھر ان کے اندر دین کا صحیح علم وعمل پھیلانے اور ان کے حالات درست کرنے کی سبیل نکالیے۔ان میں اگر کچھ بااثر آدمیوں سے تعلقات ہوجائیں تو انھیں مسلمانوں کے حالات کی اصلاح کے طریقے بتایے اور اخلاص وحکمت کے ساتھ کام کرنے پر اُبھاریے۔بے غرضی، محبت، تواضع اور حقیقی خیر خواہی کے ساتھ جب آپ ان کی بھلائی کے لیے کوشاں ہوں گے تو دیر یا سویر، ان شاء اﷲ ایک دن آپ ان کے دل اپنی مٹھی میں لے لیں گے اور وہ آپ کے کہے پر چلنے لگیں گے۔
جس مدرسے میں آپ کام کرتے ہیں ،وہاں اپنے طرزِ عمل سے اپنی اہلیت، فرض شناسی اور بلند اخلاقی کا سکہ بٹھانے کی کوشش کیجیے، یہاں تک کہ طلبہ اور اساتذہ اور منتظمین سب پر آپ کا اخلاقی اثر قائم ہو جائے۔ پھر وہ راستے تلاش کیجیے جن سے آپ غیر مسلم طلبہ اور اساتذہ میں اپنے خیالات پھیلا سکیں ۔اس معاملے میں غایت درجے تدبر ودانائی کی ضرورت ہے۔ جو موقع بھی اسلام کی نمائندگی کا ملے اسے ہاتھ سے نہ جانے دیجیے۔ لیکن ایک قدم بھی غلط نہ اٹھائیے، ورنہ نتائج الٹے برآمد ہوں گے۔ طبیب کی دانائی اسی میں ہے کہ وہ مریض کو ٹھیک دوا کی خوراک بر وقت دے، نہ کم خوراک دے اور نہ زیادہ دے بیٹھے۔
عام لوگ جن سے آپ کا میل جول ہو، ان سے اپنی گفتگوئوں میں مناسب طریقے پر اسلام کا تعارف کرایے۔ مغربی تہذیب کی کمزوریاں ان پر واضح کیجیے۔ عیسائیت کی ناکامی اس حد تک انھیں سمجھایے جس کے سننے کا ان میں تحمل ہو۔پھر جن لوگوں میں اسلامی لٹریچر دیکھنے کی خواہش آپ پائیں ، ان کو موزوں لٹریچر پڑھنے کے لیے دیجیے۔ مانگ پیدا کیے بغیر ہر ایک کو لٹریچر دینا شروع نہ کردیجیے۔انگریزی لٹریچر کی ایک فہرست آ پ کو یہاں سے بھجوا دی جائے گی ،اسے منگوا کر اپنے پاس رکھ لیں ۔
غیر مسلموں میں سے جن کے اندر آپ خاص صلاحیت ،سلامت طبع اور حق پسندی محسوس کریں ،ان سے ذاتی تعلقات بھی بڑھایے اور ان پر خصوصیت کے ساتھ کام بھی کیجیے تاکہ اﷲ تعالیٰ انھیں ہدایت نصیب کرے۔لیکن اپنے ہاتھ پر کسی کو مشرف بہ ا سلام کرنے سے پرہیز کیجیے۔ جو شخص بھی مسلمان ہونا چاہے،اسے مقامی مسلمانوں کے پاس بھیجیے۔
شراب نوشی کے خلاف انگریزی میں بہت سا لٹریچر موجود ہے۔آپ (Church of England Temperance Society) سے لندن کے پتے پر اور (Anti Saloon League of America) سے واشنگٹن کے پتے پر مراسلت کرکے اس موضوع کے متعلق لٹریچر کی فہرستیں منگوا لیں اور مناسب کتابوں کا انتخاب کر کے حاصل کر لیں ۔
(ترجمان القرآن، اپریل ۱۹۶۰ء)