جواب
اختیاراَھْوَن البَلِیَّتَیْنِ سے مراد یہ ہے کہ جب دو ناجائز کاموں میں سے کسی ایک کا اختیار کرنا ناگزیر ہوجائے تو ان میں سے وہ اختیار کیا جائے جو کم تر درجے کا ناجائز کام ہو۔ اس میں شرط ِاوّل یہ ہے کہ خیر کی راہ بالکل بند ہو اور اسے اختیارکرنے کا قطعاً کوئی امکان نہ ہو۔ صرف اسی صورت میں آدمی کے لیے أھون البلیّتین کو اختیار کرنا جائز ہوسکتا ہے،ورنہ خیر کی راہ کا کچھ بھی امکان ہو تو وہ شخص گناہ گار ہوگا جو محض اپنی کم ہمتی کی بنا پر اپنے آپ کو دو ناجائز کاموں میں سے کسی ایک میں مبتلا کردے۔ دوسری شر ط یہ ہے کہ دو ناجائز کاموں میں سے ایک کو اہون بس یوں ہی نہ ٹھیرالیا جائے، بلکہ اُصول شریعت کے لحاظ سے دیکھا جائے کہ اسلامی نقطۂ نظر سے کس بلا کو اہون اور کس کو اشد قرار دیا جاسکتا ہے۔ مثلاً میں آپ ہی کی دی ہوئی مثال کو لیتا ہوں ۔فرض کیجیے کہ ایک شخص سخت بھوک میں مبتلا ہے اور موت سے بچنے کے لیے اس کے سامنے صرف دو غذائیں موجود ہیں ،ایک سور کا گوشت،دوسرے گدھ کا گوشت۔اب اگر وہ اسلامی نقطۂ نظر سے فیصلہ کرے تو لامحالہ گدھ کا گوشت اہون ہوگا۔کیوں کہ اس کے حرام ہونے کی صراحت قرآن مجید میں نہیں کی گئی ہے،بلکہ حدیث میں ایک اُصول بیان کیا گیا ہے جس کا اطلاق گدھ پر بھی ہوتا ہے۔یا مثلاًکوئی طاقت ور ظالم کسی بے گناہ کی جان کے درپے ہو اور وہ بے گنا ہ آپ کے پاس پناہ لے اور آپ کسی طرح لڑ کر اس بے گناہ کو نہ بچا سکتے ہوں ۔ایسی صورت میں اگر وہ ظالم آکر آپ سے اس کا پتا پوچھے تو آپ کے لیے دو صورتیں ممکن ہوں گی:یا تو جھوٹ بول کر اس کی جان بچالیں ، یا اس کا پتا بتا کر اسے قتل کے لیے پیش کردیں ۔ظاہر ہے کہ اس صورت میں جھوٹ بولنا اہون ہے۔ کیوں کہ سچ بولنے سے ایک شدید تر برائی یعنی ’’قتل مظلوم‘‘ لازم آتی ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ اس جواب سے آپ کی تشفی ہوجائے گی۔ (ترجمان القرآن،اپریل،مئی۱۹۵۲ء)