اضطرارکی تعریف اور درجات

حالت اضطرار کیا ہے؟ کیا اضطرار کے بھی حالات او رماحول کے لحاظ سے مختلف درجات ہیں ؟
جواب

اضطرار یہ ہے کہ آدمی کو شریعت کی مقرر کی ہوئی حدود سے کسی حد پر قائم رہنے میں ناقابل برداشت نقصان یا تکلیف لاحق ہو۔ اس معاملے میں آدمی اور آدمی کی قوت برداشت کے درمیان بھی فرق ہے اور حالات اور ماحول کے لحاظ سے بھی بہت کچھ فرق ہوسکتا ہے۔ اسی لیے اس امر کا فیصلہ کرنا کہ کون شخص کس وقت کن حالات میں مضطر ہے،خود اس شخص کا کام ہے جو اس حالت میں مبتلا ہو۔اسے خود ہی اﷲ تعالیٰ سے ڈرتے ہوئے اور آخرت کی جواب دہی کا احساس کرتے ہوئے یہ راے قائم کرنی چاہیے کہ آیا وہ واقعی اس درجہ مجبور ہوگیا ہے کہ خدا کی کوئی حد توڑ دے؟
(ترجمان القرآن ،جولائی۱۹۵۲ء)