افسرانِ بالا کے آنے پر مستعدی کی نمائش

میں ایک ورکشاپ میں ملازم ہوں ،مگر ہمیں کبھی کبھی باہر دوروں پر بھی جانا پڑتا ہے۔ان دنوں ہمیں کام بہت کم ہوتا ہے اور اس وجہ سے ہم اپنے اوقات کے اکثر حصے یونہی بے کار بیٹھ کر گزارتے ہیں ۔لیکن جب ہمیں یہ معلوم ہوجائے کہ ہمارا کوئی آفیسر یہاں سے گزرنے والا ہے یا گزر رہا ہے تو فوراً ہی ہم اِدھر اُدھر کھڑے ہوجاتے ہیں اور ہاتھ پائوں مارنے شروع کردیتے ہیں تاکہ آفیسر کو معلوم ہوجائے کہ ہم کچھ کررہے ہیں ۔ اور جب وہ گزر جاتا ہے تو پھر ہم آرام سے بیٹھ جاتے ہیں ۔ اور بعض مواقع پر ایسا بھی ہوتا ہے کہ پتا نہیں کہ آفیسر کو ہمارے متعلق کیا خیال گزرے گا۔ اگرچہ میں اس قسم کا مظاہرہ بہت کم کرتا ہوں ۔ لیکن کبھی میں بھی ایسے کرنے پر اپنے آپ کو مجبور پاتا ہوں ۔جب بھی اس قسم کی صورتِ حال سامنے آتی ہے تو طبیعت بہت پریشان ہوتی ہے۔ بڑی گھبراہٹ ہوتی ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ چیز بھی مجھے خدا کی عدالت میں مجرم بنا کر کھڑا کردے۔ براہِ کرم اس سلسلے میں میر ی راہ نمائی فرمائیں ۔
جواب

اگر آپ اپنے کام میں جان بوجھ کر غفلت نہ کررہے ہوں بلکہ کا م نہ ہونے کی وجہ سے بے کار بیٹھے ہوں اور آفیسر کے آنے پر محض مستعدی اور مصروفیت کی نمائش اس لیے کریں کہ آفیسر کی طرف سے ناراضی کا خطرہ ہے تو ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ البتہ جان بوجھ کر کام چھوڑنے کی صورت میں ایسا کرنا ناجائز ہو گا۔ اس کے ساتھ یہ بات بھی ذہن نشین کرلیجیے کہ ایک آفیسر ایسا بھی ہے جو ہر وقت ہر حال میں آپ کو دیکھ رہا ہے اور جس کو کسی جھوٹی نمائش سے دھوکا نہیں دیا جا سکتا۔ نیز جس کو سزا دینے کی طاقت تمام آفیسروں سے بڑھ کر حاصل ہے۔ جب کبھی آپ اور آپ کے ساتھی دنیا کے چھوٹے چھوٹے آفیسروں کی آمد پر گھبراہٹ میں مبتلا ہوا کریں ، اس وقت ذرا اس بڑے آفسر کو بھی یاد کرلیا کریں ۔ (ترجمان القرآن ، جنوری ۱۹۵۸ء)