امیر جماعتِ اسلامی ہند کی حیثیت

مولانا ابواللیث اصلاحی جو کہ ہندستان کی جماعت کے امیر ہیں ،حقیقت میں امیر ہیں یا صرف خانہ پری کے لیے فرضی امیر ہیں ؟
جواب

]تقسیم ہند کے بعد[ مولانا ابواللیث صاحب جماعتِ اسلامی ہند کے ویسے ہی امیر ہیں جیسا میں جماعتِ اسلامی پاکستان کا امیر ہوں ۔ اگر میں فرضی یا خانہ پری کا امیر نہیں ہوں تو آخر ان کے متعلق ایسا گمان کیوں کیا جائے۔اس طرح کی بدگمانی کے لیے کوئی معقول بنیاد اگر ہوسکتی تھی تو یہ ہوسکتی تھی کہ ہماری یہاں کی پالیسی میں اُن کا، یا وہاں کی پالیسی میں میرا کوئی دخل ہوتا۔لیکن تقسیم کے بعد سے کوئی شخص یہ ثابت نہیں کرسکتا کہ ایسا کوئی تعلق ہمارے درمیان ہے۔حد یہ ہے کہ ہمارے درمیان نجی مراسلت تک بندہے تاکہ کسی کو فتنہ انگیز ی کا بہانہ نہ مل سکے۔ افسوس ہے کہ لوگ مخالفت کے جوش میں اندھے ہوکر بلا ثبوت ایسی باتیں زبان سے نکال دیتے ہیں اور نہیں سوچتے کہ ان کے لیے تو یہ صرف دل کے بخار نکالنے کا ایک راستہ ہے مگر دونوں ملکوں کے موجودہ سیاسی ماحول میں یہ سیکڑوں خاندانوں کی زندگی کے لیے ایک تباہ کن الزام بن سکتا ہے۔
(ترجمان القرآن،مارچ تا مئی ۱۹۵۱ء)