آیت لَا اِکْرَاہَ فِی الدِّیْنِ کا محکم ہونا

کیا آیت لَا اِکْرَاہَ فِی الدِّیْنِ محکم ہے ؟اگر نہیں ہے تو چند ایسی آیتوں کی نشان دہی کیجیے جو قطعی طور پر صریح الدلالت ہیں ؟
جواب

آیت لَا اِکْرَاہَ فِی الدِّیْنِ یقینا آیات محکمات میں سے ہے۔اس لیے کہ ’’دین‘‘اور’’اکراہ‘‘ اور ’’دین میں اکراہ نہ ہونا‘‘، یہ سب وہ چیزیں ہیں جن کے معنی ہم لغت سے، قواعد زبان سے،سیاق وسباق سے،قرآن کے دوسرے بیانات سے،اور سنت،اجماع اور قیاس کی مدد سے متعین کرسکتے ہیں ۔اسی طرح قرآن کی وہ تمام آیات محکم ہیں جن میں انسان سے کسی چیز کے ماننے یا کسی چیز کا انکار کرنے، یا کسی چیز پر عمل کرنے یا کسی چیز کو چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نیزوہ سب آیات محکم ہیں جو محسوس ومشہود اشیاکا ذکر کرتی ہیں یا ان امور و مسائل سے بحث کرتی ہیں جو انسان کے تجربے میں آتے ہیں ۔
(ترجمان القرآن،اکتوبر ۱۹۵۵ء)