بنی اسرائیل کا مسلمان ہونا

سیاسی کش مکش حصہ سوم میں صفحہ۹۵ پر آپ مزید لکھتے ہیں :’’ دوسرا جز یہ ہے کہ جتھا ان لوگوں کا بنایا جائے جو اس دعوت کو جان بوجھ کر اور سمجھ کر قبول کریں ،جو بندگی واطاعت کو فی الواقع اﷲ کے لیے خالص کردیں ۔‘‘ کیا سب بنی اسرائیل ایسے ہی تھے ؟کیا ان کے اعمال سے ایسا ہی ظاہر ہوتا ہے؟ کیا فرعون کے غرق ہونے سے پہلے ان میں سے کسی نے بھی دین ِ موسوی قبول کرنے سے انکار نہیں کیا تھا؟ اگر نہیں تو کیوں نہیں ؟حالاں کہ کسی سعی اورکش مکش کا پتا قرآن پاک سے نہیں چلتا جس کی بنا پر بنی اسرائیل کے لکھو کھا آدمی تمام کے تمام مشرکانہ طاقتوں کے زیر دست رہنے کے باوجود ایک دم ایمان لے آئے ہوں ۔جو برتائو یہودیوں نے حضرت مسیح ؈ کے ساتھ کیا،وہی برتائو حضرت موسٰیـ کے ساتھ اس زمانے کے کچھ بنی اسرائیل حکومت کی طاقت کو حرکت میں لا کر کرسکتے تھے اور اگر اُن میں کچھ کافر تھے تو وہ فرعون کے ساتھ غرق ہوئے یا نہیں ؟
جواب

آپ کا سوال کہ کیا سب بنی اسرائیل نے دینِ موسوی قبول کرلیا تھا،یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے خیال میں بنی اسرائیل غالباً کافر تھے،اور حضرت موسیٰ ؈ شاید پہلے شخص تھے جنھوں نے ان کو دین ِ اسلام کی طرف دعوت دی۔ حالاں کہ فی الواقع صورتِ حال یہ نہ تھی۔بنی اسرائیل تو تھے ہی پیغمبروں کی اولاد۔ حضرت ابراہیم؈ ، حضرت اسحاق؈ اور حضرت یعقوب؈ ان کے مُورث ِ اعلیٰ تھے۔ حضرت یوسف؈ بھی ان کے بزرگوں میں تھے۔حضرت موسیٰ ؈ سے پہلے ان کے آخری نبی (حضرت یوسفؑ) کو گزرے ہوئے چارپانچ سو برس سے زیادہ نہ گزرے تھے۔ اس مدت میں وہ کافر نہیں ہوگئے تھے کہ ان کے کفر سے اسلام میں لانے کا کوئی سوال درپیش ہوتا،نہ ان میں موسیٰ ؈ کی دعوت کا کوئی منکر تھا۔ البتہ ان کے اندر اتنا ضعف آگیا تھا کہ وہ حضرت موسیٰ؈ کی قیادت میں فرعون اور اس کی قوم کی طاقت سے تصادم کی جرأت کرتے ہوئے گھبراتے تھے۔اس وجہ سے ان کے نوجوان تو حضرت موسیٰ ؈ کی قیادت میں اسلامی تحریک کو چلانے کے لیے بڑی حد تک تیار ہوگئے تھے لیکن ان کے سن رسیدہ اور جہاں دیدہ لوگ یہ سمجھتے تھے کہ موسیٰ ؈ کا ساتھ دینے کے معنی اپنی دنیا کو تباہ کرلینے کے ہیں ۔ قرآن مجید کے مطالعے سے اس حالت کا نقشہ بالکل صاف طورپر سامنے آجاتا ہے(مثال کے طور پر ملاحظہ ہو: سورۂ الاعراف رکوع۱۵ و سورۂ یونس،رکوع۹)۔ اس بات کا قرآن سے کہیں نشان نہیں ملتا کہ ان ضعیف الاعتقاد مسلمانوں میں سے کوئی عملاً فرعون کا ساتھ دے کر حضرت موسیٰ ؈ کی مخالفت کررہا تھا۔({ FR 1658 })بلکہ قرآن اور بائبل دونوں کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت موسیٰ ؈ بنی اسرائیل کے مسلّم لیڈر بن گئے تھے، حتیٰ کہ جب وہ بنی اسرائیل کو مصر سے لے کر چلے تو ایک اسرائیلی بھی پیچھے نہ رہا۔
حضرت مسیح ؈ کے زمانے میں جس تنزل کو بنی اسرائیل پہنچے،اس پر حضرت موسیٰ ؈ کے ہم عصر بنی اسرائیل کو قیاس کرنا درست نہیں ۔ اگر اس وقت وہ اتنے سخت اخلاقی انحطاط میں مبتلا ہوتے تو اﷲ تعالیٰ ان کو اپنے کام کے لیے منتخب ہی نہ فرماتا۔ (ترجمان القرآن،جولائی ۔ اگست۱۹۴۳ء)