نینی تال میں مذبح ہے جس میں ذبیحہ ہوتا ہے اور اس پر مہرلگائی جاتی ہے اور غیرمسلم مزدور گوشت اٹھاکر مسلمان دکان داروں تک پہنچاتے ہیں۔ بعض مسلمان دکان داروہ گوشت خود فروخت کرتے ہیں اور بعض دکان داروں نے اپنی دکان پر غیرمسلموں کو ملازم رکھا ہے وہی گوشت بیچتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ان غیرمسلم ملازموں سے وہ گوشت خریدنا جائز ہے یا نہیں ؟ مہربانی کرکے اس کا جواب عنایت کریں۔
جواب
اصل بات دیکھنے اور تحقیق کرنے کی یہ ہے کہ جہاں جانورذبح کیے جاتے ہیں وہاں وہ شرعی طریقے سے ذبح کیے جاتے ہیں یا نہیں ؟ اگر شرعی طریقے پرذبح کیے جاتے ہیں تو پھر کسی غیرمسلم سے بھی ان کا گوشت خریدا جاسکتا ہے کیوں کہ جو گوشت خریدا جارہاہے وہ حلال اور پاک ہے۔ اور اگر جانور شرعی طریقے سے ذبح نہیں کیے جاتےتو پھر ان کا گوشت کسی مسلم سے خریدنا بھی ناجائز ہے۔ کیوں کہ وہ حرام اور ناپاک ہے۔ امید یہی ہے کہ نینی تال کے مذبح میں شرعی طریقے سےجانورذبح کیے جاتے ہوں گے۔ (جون ۱۹۷۵ء،ج۵۴،ش۶)