حُکّام کو خط کتابت کے ذریعے دعوت دینا

میں جناب کی توجہ ایک اچھی تجویز کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں ، میری راے ہے کہ جس طرح مجدد الف ثانی حضرت شیخ احمد سرہندی ؒ نے اپنے دور کے اکابر و اعیان اورحُکام سلطنت امرا و زرا کی طرف پُر ازنصائح مکتوبات لکھ کر تبلیغ حق کا فریضہ ادا کیا، آپ بھی یہ طریق کار اختیار فرمائیں ۔
جواب

حضرت مجدد الف ثانی ؒ کے طریقے پر اربابِ اقتدار سے مراسلت کرنے کا جو مشورہ آپ نے دیا ہے اس پر میں ضرور عمل کرتا اگر اس گروہ میں کوئی صاحب مجھے ایسے ملتے جو مجھ سے حُسن ظن اور مخلصانہ تعلق بھی رکھتے ہوں ، تاکہ میرا ان سے خطاب کرنا مفید ہوسکے اور ان کے ساتھ وہ اس گروہ میں کچھ نہ کچھ بااثر بھی ہوں کہ ان کی کوششوں سے کوئی اصلاح کی صورت بن سکے۔ حضرت مجددؒ نے اپنے مکاتیب میں جن لوگوں سے بھی خطاب فرمایا ان کے اندر یہ دونوں شرطیں پائی جاتی تھیں ۔
(ترجمان القرآن، اگست ۱۹۶۵ء)