جواب
زمین کے کرایے کی جو شکل میرے نزدیک جائز ہے،اس کی تشریح میں ’’مسئلۂ ملکیت زمین‘‘ میں کرچکا ہوں ۔اسے نگاہ میں رکھ کر سوچیے کہ اس میں اور سود میں کیا فرق ہے۔ کرایہ جن چیزوں کا لیا جاتا ہے،وہ ایسی چیزیں ہیں جو کرایہ دار کے استعمال سے کچھ نہ کچھ ٹوٹتی پھوٹتی یا خراب ہوتی ہیں اور جن کا اپنی اصلی حالت میں مالک کو واپس ملنا ممکن نہیں ہوتا۔ اس کلیہ کا اطلاق جس طرح فرنیچر، مکان،موٹر وغیرہ پر ہوتا ہے،اسی طرح زمین پر بھی ہوتا ہے، خواہ اسے لے کر کوئی شخص بھٹا لگائے،کوئی اسٹال لگائے، یا کسی اور طریقے سے استعمال کرے۔لیکن روپیا تو محض ایک قوت خرید کا نام ہے،اسے اگرکوئی شخص مستعار لے تو اس کے ٹوٹنے پھوٹنے یا گھسنے کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔ اسے قرض لینے والا جوں کا توں لوٹا سکتا ہے۔اسی طرح اگر کوئی شخص غلہ قرض لے تو جتنا غلہ لیا ہے،اتنا ہی وہ واپس دے سکتا ہے۔غلہ کی مقدار جو دراصل قرض لی گئی ہے،کوئی گھسنے یا خراب ہونے والی چیز نہیں ہے۔ (ترجمان القرآن، جنوری،فروری ۱۹۵۱ء)