عقیقہ کی دعا

بعض کتابوں میں درج ہے کہ عقیقہ کا جانور ذبح کرنے کے بعد یہ دعا پڑھنی چاہیے: اَللّٰھُمَّ ھٰذِہٖ عَقِیْقَۃُ (بچی یا بچے کا نام) تَقَبَّلْہُ کَمَا تَقَبَّلْتَ مِنْ حَبِیْبِکَ مُحَمَّدٍ وَ خَلِیْلِکَ اِبْرَاھِیْمَ عَلَیْھِمَا الصَّلاَۃُ وَالسَّلاَمُ دَمُھَا بِدَمِہٖ، لَحْمُھَا بِلَحْمِہٖ، شَعْرُھَا بِشَعْرِہٖ، عَظْمُھَا بِعَظْمِہٖ۔ کیا یہ دعا مسنون ہے؟ اگر ہاں تو حدیث کی کس کتاب میں مذکور ہے؟
جواب

عقیقہ کی مذکورہ بالا دعا مجھے حدیث کی کسی کتاب میں نہیں ملی۔ ایک حدیث ام المومنین حضرت عائشہؓ سے مروی ہے۔ وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے حسنؓ اور حسینؓ کا ان کی پیدائش کے ساتویں دن عقیقہ کیا، سر کے بال منڈوائے اور جانور ذبح کرتے وقت یہ دعا پڑھنے کی ہدایت فرمائی:
بِسْمِ اللّٰہِ، اَللّٰہُ اَکْبَرُ، اَللّٰھُمَّ مِنْکَ وَلَکَ، ھٰذِہٖ عَقِیْقَۃُ فُلاَنٍ۔
’’اللہ کے نام سے، اللہ سب سے بڑا ہے۔ اے اللہ! یہ تیری ہی طرف سے ہے اور تیرے ہی لیے ہے۔ یہ فلاں کا عقیقہ ہے۔‘‘ (فلاں کی جگہ بچے یا بچی کا نام لے)
یہ حدیث السنن الکبریٰ للبیہقی (۱۹۰۷۷)، مصنف عبد الرزاق (۷۹۶۳) اور مصنف ابن ابی شیبہ (۲۴۲۷۰) میں مروی ہے۔ اس کے علاوہ ابن المنذر، ابو یعلی اور بزّار نے بھی اس کی روایت کی ہے۔ امام نوویؒ اور دیگر محدثین نے اس حدیث کی سند کو حسن قرار دیا ہے۔ (۱)