فوٹو کامسئلہ

,

 جماعت اسلامی ہند کو جاننے والے مسلمانوں کا عام تاثر یہ ہے کہ اس جماعت کے فکروعمل میں مطابقت اوریکسانیت پائی جاتی ہے لیکن دوباتیں ایسی سامنے آئی ہیں جن سے اس تاثر پر برااثر پڑسکتا ہے

(۱) دہلی کا ایک انگریزی زبان کا ہفتہ وار اخبار اگر چہ جماعت اسلامی کے براہ راست نظم سے متعلق نہیں ہے لیکن یہ واقعہ ہے کہ اس کے بورڈ کے ممبران اور اس اخبار کے مدیر جماعت اسلامی کے ذمہ دار ارکان ہیں ۔ اس میں اگر کوئی غلط چیز شائع ہوتو لوگ اس کو جماعت کی طرف منسوب کرتے ہیں ۔ اس اخبار میں تصویر والے اشتہارات برابر شائع ہورہے ہیں اور کچھ عرصہ قبل سید قطب شہیدؒ کی تصویر بھی شائع ہوئی تھی۔ لوگوں کومعلوم ہے کہ جماعت اسلامی اخبارورسائل میں بھی تصویری اشتہارات اور تصویریں شائع کرنے کی صحیح نہیں سمجھتی تو پھر اس انگریزی ہفتہ وار میں تصویری اشتہارات کیوں شائع ہوتے ہیں اور سید قطب شہیدؒ کی تصویر کیوں شائع کی گئی ؟

(۲) آل انڈیا فلسطین کانفرنس کے پہلے اجلاس میں جماعت کے بعض ذمہ دار مقررین کے فوٹو لیے گئے، اسی طرح اسٹیج پرجماعت کے بعض دوسرے ذمہ داروں کے فوٹو بھی بڑے اہتمام سے لیے گئے۔ کیا یہ لوگ انفرادی طورپر اپنے کو اس سے بچانہ سکتے تھے اور چند جملوں میں اپنا نقطۂ نظر واضح نہ کرسکتے تھے؟ لیکن افسوس کہ ایسا نہیں کیا گیا ۔ مہربانی فرماکر آپ ا س کا جواب دیں ۔

جواب

  (۱) میرے نزدیک اب بھی اخبارات ورسائل میں مصور اشتہارات یا تصویریں شائع کرنا صحیح نہیں ہے۔ باقی رہی یہ بات کہ انگریزی ویکلی میں مصور اشتہارات کیوں شائع ہورہے ہیں ؟َ یا سید قطب شہیدؒ کی تصویر کیوں شائع ہوئی ؟ اس کا جواب میں نہیں دے سکتا۔ آپ براہ راست بورڈ آف اسلامک پبلی کیشنز کے صدر کو خط لکھ کر ان سے دریافت کریں ۔

(۲) اصولی طورپراس سوال کا جواب بھی آپ کو براہ راست ان ذمہ داروں سے حاصل کرنا چاہیے جن کی تصویریں لی گئی تھیں، لیکن چوں کہ میں بھی آل انڈیا فلسطین کانفرنس کے پہلے اجلاس میں موجود تھا اس لیے صورت حال میرے سامنے بھی ہے۔ فوٹو گرافرکی Shoothingمیں نے بھی دیکھی تھی۔ بہت ممکن ہے کہ مقررین کو اس کا احساس بھی نہ ہوا ہوکہ ان کی تصویریں لے لی گئیں اور جو لوگ مائک سے دور بیٹھے تھے ان کے بارے میں بھی یہی کہا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ اس طرح کے مسائل پراظہار خیال کے مناسب مواقع بھی ہوتے ہیں ۔ میری رائے میں وہاں فوٹو کے مسئلے پراظہار خیال کا کوئی مناسب موقع نہ تھا۔                                         (نومبر ۱۹۷۶ء ج۳۹ ش۵)