قرآن سمجھنے کےلیے مفید لغات

مفردات القرآن( امام راغب) اور اساس البلاغۃ(زمخشری) کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟قرآن سمجھنے کے لیے اگر کوئی لغت کی مفید ومستند کتاب معلوم ہو تو مطلع فرمایئے۔
جواب

مفردات امام راغب اور اساس البلاغہ قرآن کو سمجھنے میں ایک حد تک مدد تو ضرور دیتی ہیں ، لیکن بسا اوقات انسان ان سے غلط تاویلات کے رستے پر بھی پڑ جاتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ لوگ قرآن کی تأویل میں خود اپنا ایک مسلک رکھتے ہیں اور لغت کی تحقیق میں اپنے مسلک کے نظریات بھی داخل کردیتے ہیں ۔ اس لیے جن لوگوں کا مبلغ علم انھی کتابوں تک محدود ہے وہ یہ گمان کرنے لگتے ہیں کہ ایک لفظ کی لغوی تشریح وہی کچھ ہے جو راغب اور زمخشری نے بیان کردی ہے۔ میرے نزدیک اس کے بجاے لسان العرب، تاج العروس، نہایہ ابن اثیر، قاموس، جمہرۂ ابن درید اور ابن جریر کی لغوی تحقیقات زیادہ قابل اعتما دہیں ،کیوں کہ یہ لوگ لغت سے بحث کرتے ہیں ، اپنے نظریات کو دخل نہیں دیتے۔
(ترجمان القرآن ، اپریل،مئی۱۹۵۲ء)