قہقہہ سے نماز جنازہ فاسد ہوجاتی ہے

,

مکتبہ اسلامی سے شائع شدہ کتاب ’فقہ اسلامی‘ دیگر اسلامی درس گاہوں کی طرح یہاں بھی داخل نصاب ہے۔ ایک مسئلے میں مجھے شک پیداہوا چناں چہ اس کی تحقیق کےلیے میں نے فقہ کی دوسری کتابوں کامطالعہ کیا اور شک اپنی جگہ باقی رہا۔ مہربانی کرکےآپ اسے دور کردیں۔ ’فقہ اسلامی‘ کے دیباچے میں کہاگیا ہے کہ ’’مسائل نہایت سادہ انداز میں فقہائے حنفیہ کی مستند کتابوں سے نقل کیےگئے ہیں۔ اس صراحت کے باوجود’مفسدات نماز‘ کے عنوان کے تحت یہ مسئلہ درج ہے

۱- بالغ آدمی نماز جنازہ کے علاوہ کسی بھی نماز میں قہقہہ مارکرہنس دے تو نماز فاسد ہوجائے گی۔(حصہ اول، ص۱۰۸)

اس سےمعلوم ہواکہ اگر وہ نماز جنازہ میں قہقہہ مار کر ہنس دے تو نماز فاسد نہ ہوگی۔ اس مسئلے کو آگے صفحہ ۱۸۸پر’جنازے کے چند مسائل‘ کے تحت مزید صراحت کے ساتھ بیان کیاگیا ہے۔

۲-نماز جنازہ ان تمام چیزوں سے فاسد ہوجاتی ہے جن سے دوسری نمازیں فاسد ہوجاتی ہیں۔  البتہ جنازے کی نماز قہقہہ مارکر ہنسنے سے فاسد نہ ہوگی۔

اس کے برخلاف میں سمجھتا ہوں کہ قہقہہ مارکر ہنسنے سے جس طرح دوسری نمازیں فاسد ہوجاتی ہیں اسی طرح نماز جنازہ بھی فاسد ہوجائے گی۔ مجھے فقہاء حنفیہ کی کسی مستند کتاب میں مولف فقہ اسلامی کا بیان کردہ مسئلہ نہیں ملا،بلکہ فقہ حنفی کی کتابوں میں یہی ملاکہ قہقہہ مارکرہنسنے سے نماز جنازہ بھی فاسد ہوجائے گی۔مثلا شرح وقایہ جلد۱ص۷۷پر ہے

وقھقھۃ مصل بالغ یرکع ویسجد حتی لا ینقض الوضوقھقۃ الصبی وشرطہ ان یکون فی صلوۃ ذات رکوع وسجودحتی لوقھقھۃ فی صلوۃ الجنازۃ او سجدۃ التلاوۃ لا ینقض الوضوبل یبطل ماقھقھۃ فیہ۔

شارح نے صراحت کے ساتھ کہاکہ قہقہہ لگانے سے نماز جنازہ بھی فاسد ہوجاتی ہے اور  سجدۂ تلاوت بھی، البتہ وضو نہیں ٹوٹتا۔

جواب

آپ کا خیال صحیح ہے کہ قہقہہ مارکرہنسنے سے نماز جنازہ بھی فاسد ہوجاتی ہے۔ علامہ کاسانی نے لکھا ہے

واما بیان ماتفسد بہ صلٰوۃ الجنازۃ فنقول انھا تفسدبما تفسدبہ سائرالصلوات وھوما ذکرنامن الحدث العمد والکلام والقھقھۃ وغیرھا من نواقض الوضوء   (بدائع الصنائع،ج۱،ص ۳۱۶،مطبوعہ مصر)

’’رہابیان ان چیزوں کا جن سے نماز جنازہ فاسد ہوجاتی ہے توہم کہتے ہیں کہ وہ ان تمام چیزوں سے فاسد ہوجاتی ہے جن سے بقیہ دوسری نمازیں فاسد ہوتی ہیں اور ان چیزوں کا ہم پہلے ذکر کرچکے ہیں مثلاً بالقصد حدث، کلام اور قہقہہ اور دوسرے نواقض وضو۔‘‘

یہی بات فتاویٰ عالم گیری جلد۱میں نماز جنازہ کے مفسدات کے بیان میں لکھی ہے

وتفسدصلٰوۃ الجنازۃ بما تفسدبہ سائر الصلوات

’’نماز جنازہ فاسد ہوجاتی ہے ان تمام چیزوں سے جن سے دوسری نمازیں فاسد ہوجاتی ہیں۔ ‘‘

’فقہ اسلامی‘ حصہ اول میں غالباً سہواً یہ درج ہوگیا ہے کہ قہقہہ لگانے سے نماز جنازہ فاسد نہ ہوگی۔ اس کی تصحیح کرکے پڑھائیے۔                        (اپریل۱۹۷۵ء، ج۵۴،ش۴)