کیا حاجی پر حج کی قربانی کے علاوہ صاحب نصاب والی قربانی بھی واجب ہے۔ میں نے ایک کتاب میں پڑھا ہے کہ حاجی کو حج کی قربانی کے علاوہ دوسری قربانی بھی دینی چاہیے جو صاحب نصاب ہونے کی وجہ سے اس پر واجب ہے۔
جواب
امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے مسلک میں وجوب اضحیہ کی جو شرطیں ہیں ان میں ایک شرط اقامت یعنی مقیم ہونا بھی ہے۔ اس لحاظ سے صاحب نصاب مسافر پرعیدالاضحی کی قربانی واجب نہیں ہے۔ فقہ حنفی کی کتابوں میں صراحت کے ساتھ یہ بھی موجود ہے کہ مسافر حاجی پر عید الاضحی کی قربانی واجب نہیں ہے۔ علامہ ابن قیم نے ’زاد المعاد‘ میں لکھا ہے کہ یہ بات صحت کے ساتھ منقول نہیں ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام نےہدی یعنی حج کی بناپر واجب قربانی کے علاوہ انھوں نے عیدالاضحی کی قربانی بھی کی ہو۔ اس سے معلوم ہواکہ حاجی پرصاحب نصاب ہونے کی وجہ سے عیدالاضحی کی قربانی واجب نہیں ہے۔ (اگست ۱۹۸۰ء،ج۶۵،ش۲)